جرم و سزاسٹیصحت

پولیس کے افسران و اہلکاروں کی جسمانی صحت جانچنے کیلئے میڈیکل سکریننگ کا عمل جاری

ہیلتھ سکریننگ سے پولیس ملازمین کی صحت اور فرائض کی انجام دہی کے حوالے سے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔بلال صدیق کمیانہ

لاہور(خبر نگار)کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور بلال صدیق کمیانہ کی ہدایت پر پولیس کے افسران و اہلکاروں کی جسمانی صحت جانچنے کیلئے میڈیکل سکریننگ کا عمل جاری ہے، اب تک 19.36 فیصدپولیس فورس کی میڈیکل سکریننگ مکمل ہوچکی ہے۔ اعدادو شمار کے مطابق32321 پولیس ملازمین میں سے6259 کی میڈیکل سکریننگ مکمل کر لی گئی ہے۔اس اقدام سے پولیس ملازمین کا اپ ٹو ڈیٹ میڈیکل ڈیٹا بینک قائم کرنے میں مدد ملے گی۔
آج یہاں جاری ایک بیان میں سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ شوگر، بلڈ پریشر، موٹاپا، دمہ، ٹی بی، ہیپاٹائیٹس بی اور سی سمیت پولیس ملازمین کی 9 بیماریوں کی سکریننگ اور ویکسینیشن کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور کی چھ ڈویژنز میں قائم میڈیکل کیمپس میں پولیس افسران واہلکار وں کی اسکریننگ جاری ہے۔ پولیس فورس کی سکریننگ کے لئے سی سی پی او آفس، ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ، عباس پولیس لائن بیدیاں اور سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز جلو موڑ میں بھی کیمپ لگائے گئے ہیں۔سی سی پی او لاہورنے کہا کہ میڈیکل اسکریننگ کا مقصد لاہور پولیس کے افسران و جوانوں کو صحت مند رکھنا ہے تا کہ وہ احسن طریقے سے اپنی خدمات انجام دے سکیں۔

بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ہیلتھ سکریننگ کے بعد مختلف بیماریوں میں مبتلا پولیس ملازمین کے علاج معالجے کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔ میڈیکل سکریننگ لاہور پولیس کا شاندار اقدام ہے جس سے صحت مند پولیس فورس ڈویلپ کرنے میں مدد ملے گی۔ ہیلتھ سکریننگ سے پولیس ملازمین کی صحت اور فرائض کی انجام دہی کے حوالے سے مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور پولیس فورس کا میڈیکل ریکارڈ مرتب کرنے میں مدد ملے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button