دفتر محتسب پنجاب کی جانب سے سات افراد کو ایک کروڑ 42 لاکھ 26 ہزار 380 روپے کا مالی ریلیف فراہم
لاہور(خبر نگار)دفتر محتسب پنجاب نے عوامی دادرسی اور سرکاری محکموں سے درپیش مسائل کے حل کے متلاشی افراد کی مختلف درخواستوں پر کارروائی کرتے ہوئے سات افراد کو ایک کروڑ 42 لاکھ 26 ہزار 380 روپے کا قانونی ریلیف دلوایا ہے۔
آج یہاں جاری ایک بیان میں ترجمان نے بتایا کہ دفتر محتسب پنجاب کی ہدایت پر گورنمنٹ سید میٹھا ٹیچنگ ہسپتال لاہور نے درخواست گزار رقیہ بتول کو 37 لاکھ سات ہزار 890 روپے کے واجبات ملازمت کی ادائیگی کے علاوہ 45,752 روپے ماہانہ تنخواہ کے ہمراہ او ایس ڈی پوسٹ بھی تخلیق کر دی ہے۔ایک علیحدہ کارروائی میں محتسب آفس کی مداخلت پر شیخوپورہ کے 1100 سکولوں کے ڈینگی فوکل پرسنز کی ڈیوٹی دینے والے اساتذہ کو سفری الاؤنس کی مد میں 30 لاکھ روپے کی ادائیگی کر دی گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ پنشن کی فراہمی کی درخواستوں پر کی جانے والی کارروائی کی بدولت محکمہ انہار نے اٹک کی سحر بیگم نامی بیوہ خاتون کو 11 لاکھ 74 ہزار 254 روپے، دفتر اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب نے گجرات کی زبیدہ بیگم کی پنشن بحالی کے علاوہ انہیں بقایا جات کی مد میں 12 لاکھ 14 ہزار 867 روپے، میونسپل کارپوریشن راولپنڈی نے ایک مقامی سنٹری ورکر کی بیوہ عذرا طاہر کو 16 لاکھ روپے بطور مالی امداد، اکاؤنٹس آفس گوجرانوالہ نے وزیر آباد کے محمد عبداللہ کے مرحوم والد کی پنشن بیوہ کے نام ٹرانسفر کرنے کے علاوہ انہیں 21 لاکھ پانچ ہزار 700 روپے کی ادائیگی بھی کی ہے۔اسی طرح محتسب آفس کی مداخلت پربورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور نے ایک دوسرے شکایت کنندہ عثمان خان کو 14 لاکھ 23 ہزار 669 روپے کے واجبات ادا کر دیے ہیں۔