
پورے آداب وشرائط کے ساتھ حج کرنے والے انسان کے سابقہ زندگی کے تمام گناہ معاف کردیئے جاتے ہیں۔امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ
لاہور (خبر نگار ) امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ بیت اللہ قیام عالم اور بقاء کا ئنات کا ذریعہ ہے۔ جب تک اللہ تعالیٰ کا یہ گھر دنیا میں باقی رہے گا دنیا قائم رہے گی۔ پورے آداب وشرائط کے ساتھ حج کرنے والے انسان کے سابقہ زندگی کے تمام گناہ معاف کردیئے جاتے ہیں۔دین اسلام میں حج ہر صاحب استطاعت بالغ مسلمان پر زندگی بھر میں ایک مرتبہ فرض ہے۔ مسلمان پر حج فرض ہوجائے اس کو ادائیگی میں جلدی کرنی چاہیے۔ اور فرصت کو غنیمت جاننا چاہیے۔میدان عرفات میں جب حاجی صاحبان اپنے رب کے سامنے ہاتھ پھیلا کر دین ودنیا کی بھلائی کے لیے دعا مانگتے ہیں تو اللہ تعالیٰ آسمانوں پر فرشتوں میں ان کی تعریف فرماتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی شرقی لاہور کے زیر اہتمام حج سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی شرقی لاہور ڈاکٹر محمود خان، معروف دینی سکالر، ڈاکٹر سرفراز، غلام فرید فاروقی سمیت دیگر دینی سکالر نے بھی خطاب کیا۔ ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے مزید کہا کہ فرائض کیساتھ خدمت خلق بھی عظیم عبادت کا درجہ رکھتی ہے۔ مظلوم کی مدد کرنا اور ظلم کا راستہ روکنا مسلمان کیلئے ایما ن کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی قیادت اور ہر کارکن کا اولین مقصد بھی رضا الہی ہے جو غلبہ دین کی جدوجہد کے لیے مادر پدر معاشرے میں حق کے راستے پر گامزن ہے۔ اس موقع پر اس سال حج پر جانے والے حجاج کرام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ امت مسلمہ کیلئے، اسلامی ریاست پاکستان میں اسلام کے نفاذ کیلئے اور دین کی سربلندی کیلئے بھی خصوصی دعا ؤں کا اہتمام کریں۔

