پنجاب سٹیز پروگرام کے تحت ان منصوبوں کے لئے 39ارب روپے کے فنڈز دستیاب ہوں گے۔ نگراں وزیر بلدیات
لاہور(خبر نگار) نگراں وزیر بلدیات ابراہیم مراد نے بتایا ہے کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے پنجاب سٹیز پروگرام کے تحت تقریباً23 ارب روپے کی لاگت سے صوبے کے 16شہروں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ نئے مالی سال کے دوران ورلڈ بینک ان منصوبوں کے لئے مزید16 ارب روپے فراہم کرے گا۔ اس طرح ان منصوبوں پر عمل درآمد کے لئے مجموعی طور پر39ارب روپے کے فنڈز دستیاب ہوں گے۔
نگراں وزیر بلدیات کی زیر صدارت پنجاب میں ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری منصوبوں پر عمل درآمد کا جائزہ اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا جس میں پراجیکٹ ڈائریکٹر پنجاب سٹیز پروگرام سید زاہد عزیز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی-اجلاس کو بتایا گیا کہ اس رقم سے16 شہروں میں مقامی بلدیاتی اداروں کے ذریعے بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان منصوبوں میں فراہمی آب ، نکاسی آب ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ، سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر، پارکس اور بس اسٹینڈز کی تعمیر شامل ہیں۔ یہ منصوبے ڈسکہ، حافظ آباد ، جہلم، کامونکی، مر یدکے، وزیرآباد، گوجرہ، جڑانوالہ ، جھنگ، کمالیہ، اوکاڑہ ،بہاولپور ، بورے والا ، خانیوال ، کوٹ ادو اور وہاڑی میں مکمل کئے جا رہے ہیں۔
ابراہیم مراد نے ہدایت کی ہے کہ ورلڈ بینک کے تعاون پنجاب سٹیز پروگرام کے تحت جاری منصوبے مقررہ مدت کے اندر اندر مکمل کئے جائیں۔ پسماندہ علاقوں میں شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے منصوبوں ترجیحی بنیادوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے- منصوبے شفافیت سے مکمل کرنے اور ان سے دیرپا نتائج حاصل کرنے کے لئے مقامی حکومتوں کے ملازمین کو ضرور تربیت مہیا کر کے ان کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے۔ پراجیکٹ میں عوامی شکایات کے موثر ازالے کے نظام، شفافیت، مالیاتی نظم و نسق اور ماحولیاتی گائیڈ لائنز پر عمل کرنا بھی شامل ہے۔