مال کی ترسیل کیلیے کارگو ایکسپریس چلانے جا رہے ہیں
لاہور(سپیشل رپورٹر)مال کی ترسیل کیلیے کارگو ایکسپریس چلانے جا رہے ہیں۔ فریٹ سروسز سے بہتر آمدن کے حصول کیلیے بزنس کمیونٹی کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ مسافروں کی سہولت کے لیے گرین لائن اور شالیمار ایکسپریس ٹرین کے بعد آج بہاؤالدین زکریا ایکسپریس بھی بحال کر دی گئی ہے، مزید مسافر ٹرینوں کی بتدریج بحالی پر بھی کام جاری ہے۔ پاکستان ریلوے کو مالی مشکلات سے نکالنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں، جلد ہی محکمہ میں بہتری نظر آنا شروع ہو جائے گی۔ جہاں موٹر وے قریب ہے وہاں ٹرین سروس کے آغاز بارے زمینی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا جاتا ہے۔ فیصل آباد ریلوے اسٹیشن کو اگلے مالی سال میں اپ گریڈ کرنے کا پلان ہے۔ ٹرینوں میں بھکاریوں کا داخلہ بالکل قبول نہیں، ڈویژنز کو ایسے عناصر سے سختی سے نمٹنے کی ہدایات جاری کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز ارشد سلام خٹک نے آج ریلویز ہیڈکواٹرز لاہور میں فیس بک لائیو کھلی کچہری میں عوام کے ریلوے سے متعلق مسائل اور ضروریات کے بارے میں سنتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر متعلقہ شعبہ کے افسران بھی موجود رہے۔ اس کھلی کچہری کا انعقاد وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی وزیر ریلوے کے احکامات کی روشنی میں کیا گیا۔ سی ای او ریلوے نے مزید کہا کہ موہنجوداڑو ایکسپریس ٹرین کی بحالی کے لیے کوشش کر رہے ہیں، بلھے شاہ ایکسپریس کی بحالی بھی زیر غور ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرین لائن ٹرین کی طرز پر قراقرم ایکسپریس میں بھی مسافروں کو کھانا وغیرہ دینے کی تجویز پر کام جاری ہے۔ سی ای او ارشد سلام خٹک نے ریلوے ملازمین سے درخواست کی کہ اپنی اپنی ڈویژنز میں شکایات متعلقہ ڈی ایسز کو دیں تا کہ جلد شنوائی ہو سکے۔ اگر پھر بھی مسئلہ حل نہ ہو تو ہیڈکوارٹرز میں ہر جمعرات کو میں خود ملازمین کے مسائل سن کر حل کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔ فیس بک لائیو کھلی کچہری صبح 10 بجے سے دن 12 بجے تک جاری رہی جس میں 12 ہزار سے زائد تجاویز، سوالات اور شکایات موصول ہوئیں۔ فوری حل ہونے والی شکایات اور قابل عمل تجاویز پر سی ای او ارشد سلام خٹک نے متعلقہ افسران کو موقع پر ہدایات دیں اور ضروری احکامات جاری کیے۔