کچہ کے علاقوں میں روپوش ڈاکوؤں کاصفایا کر کے آپریشن کو مکمل کامیابی سے ہمکنار کریں،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت
لاہور(خبر نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کی ہدایت پر راجن پور پولیس کا کچہ آپریشن 54 ویں روز بھی جاری رہا اور پولیس ٹیموں نے کچہ کے علاقے میں مجرمان کی کمیں گاہوں کے خاتمے کے ساتھ ساتھ مسلسل پیش قدمی اور ٹارگٹڈ آپریشنزکا سلسلہ جاری رکھا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی ہے کہ کچہ کے علاقوں میں روپوش ڈاکوؤں کا مکمل صفایا کر کے آپریشن کو کامیابی سے ہمکنار کریں۔ انہوں نے تاکید کی ہے کہ پولیس اپنی تمام تر توانائیاں اور وسائل کچہ کو مکمل طور پر پرامن بنانے میں صرف کریں اور کچہ کریمنلز، ڈاکوؤں اور دہشت گرد عناصر کے ساتھ ساتھ انکے سہولت کاروں کا خاتمہ بھی کیا جائے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق راجن پور کچہ آپریشن میں اب تک07 ڈاکو ہلاک، 25 سرنڈر سمیت 43 ڈاکو گرفتارجبکہ 9 مغویوں کو بھی بازیاب کرایا گیا ہے،جزیرہ نما کچی کپڑا میں پولیس کا سرچ آپریشن اور کلئیر کرانے کا سلسلہ تا حال جاری ہے اور آر پی او ڈیرہ غازی خان کی زیر کمانڈ پولیس دستوں کی موضع مندھری اور چک کڑیہ کی جانب پیش قدمی کر رہے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزیدکہاکہ مندھری اور چک کڑیہ کا مکمل گھیراؤ کر لیا گیا ہے جبکہ مورچہ بند ڈاکوؤں کی جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ اور سخت مزاحمت جاری ہے۔ ڈی پی او راجن پور نے بتایا کہ مندھری اور چک کڑیہ کا علاقہ ڈاکوؤں، جرائم پیشہ افراد کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ مذکورہ علاقہ سے دہشت گردوں اور ڈاکووں کا خاتمہ کرکے قانون و ریاست کی رٹ قائم کرنے کے ساتھ ساتھ یہاں امن و امان برقرار رکھا جائے گا۔آر پی او کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان نے کہاہے کہ راجن پور کچہ میں جاری آپریشن اپنے حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے،پولیس نے کلیئر کرائے گئے علاقوں میں اپنے کیمپس اور چیک پوسٹیں قائم کرلی ہیں اور علاقے کی عوام کوجلد ہی پائیدار امن کا تحفہ دیں گے۔