تہذیب و ثقافت کسی بھی قوم کا آئینہ ہوتی ہے۔لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی میں بین الاقوامی آرٹ نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب
لاہور (خبر نگار )پنجا ب ہائیر ایجوکیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا ہے کہ آرٹ تاثرات کے اظہار کا نام ہے اور فن پاروں کے ذریعےفطرت کی عکاسی ہوتی ہے ۔تہذیب و ثقافت کسی بھی قوم کا آئینہ ہوتی ہے۔ مثبت تہذیبی و ثقافتی اقدار کے فروغ سے سماج میں امن و سلامتی کے پھول کھلتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف ایجوکیشن اور لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی میں بین الاقوامی آرٹ نمائش کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وائس چانسلرز ڈاکٹر بشری مرزا اور ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا بھی اس موقع موجود تھے ۔ نمائش میں ہیبی اکیڈمی آف آرٹس کے ڈین، فیکلٹی اور طالبات نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ وہی معاشرہ امن کا گہوارہ بن سکتا ہے جہاں صحیح معنوں میں مثبت تہذیب و ثقافت فروغ پا رہی ہو۔ہمیں بجا طور پر فخر ہے کہ ہمارا وطن سندھ کے ساحل سمندر سے سیاچن کے دامن تک اور چاغی کے پہاڑوں سے خنجراب ، موہنجوداڑو، ہڑپہ اور گندھارا تہذیب کی سرزمین پر مشتمل ہے ۔ اس دھرتی میں رنگا رنگ تہذیب و ثقافت کے جلوے دیکھنے کو ملتے ہیں۔ ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ علم اور فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی ، چین اور پاکستان آزمائے ہوئے دوست ہیں، علم کے حصول کےلیے چین کے طلبہ وطالبات کا پنجاب کی جامعات پڑھنا خوش آئندہے ،طلبہ اپنے ممالک کے سفیر ہوتے ہیں ، پنجاب کی جامعات میں زیر تعلیم بین الاقوامی طلبہ کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ بین الاقوامی طلبہ کی آمد سے بین الا ثقافتی ہم آہنگی کی فضاپیدا ہوتی ہے ۔ پی ایچ ای سی بین الاقوامی طلبہ کی بھرپور سرپرستی کرتا رہے گا۔ نمائش میں یونیورسٹی آف سرگودھا اور پنجاب یونیورسٹی کی طالبات نے بھی فن کے مختلف نمونے پیش کئے۔۔ انہوں نے لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر بشری مرزا اور یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے وائس چانسلر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا کی کاوشوں اورنمائش میں حصہ لینے والی جامعات کے طلبہ وطالبات کے فن کو سراہا۔