سگنلز اور اہم شاہراؤں پر بچوں اور خواتین سے بھیک منگوانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ترجمان لاہور پولیس
لاہور(خبر نگار)کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہوربلال صدیق کمیانہ کی خصوصی ہدایت پرصوبائی دارلحکومت میں پولیس کا پیشہ ور بھکاریوں کے گروہوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے تاکہ بھکاری مافیا سے چھٹکارا مل سکے۔
آج یہاں جاری ایک بیان میں ترجمان لاہور پولیس نے کہا کہ گداگری میں ملوث منظم گروہوں کو پکڑنے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنزجاری ہیں۔گزشتہ ماہ سے گداگری کے خلا ف سپیشل مہم میں مختلف تھانوں میں 161مقدمات درج کئے گئے ہیں۔اس دوران 165 ملزمان کو گرفتار کیا گیاجن میں 150 مرد، 14عورتیں اور ایک سہولت کار شامل ہے۔ اسی طرح گداگری کے خلا ف مہم میں سٹی ڈویژن نے 33، کینٹ نے 22، سول لائنزنے42،صدر نے 19،ماڈل ٹاؤن نے34اوراقبال ٹاؤن ڈویڑن نے11مقدمات درج کئے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ سگنلز اورچوکوں وشاہراؤں پر بچوں اور خواتین سے بھیک منگوانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے جبکہ بھیک مانگنے والے بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کیا جارہا ہے۔اسی طرح نشے کے عادی گداگروں کو بحالی کے لئے بیگرز ہومز میں بھجوایا جارہا ہے۔