پنجاب کے نرسنگ شعبہ کی بہتری کیلئے انقلابی اصلاحات لا رہے ہیں نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کا تقریب کے شرکاء سے خطاب
لاہور(خبر نگار)نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں انٹرنیشنل نرسنگ ڈے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب میں رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر ریاست علی، پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اعجاز حسین، پرنسپل بلقیس، وائس پرنسپل کالج آف نرسنگ نویدہ اسلم اور نرسوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے تقریب کے شرکاء سے اپنے خطاب میں کہاکہ ایک مریض کے علاج میں نرس کی بنیادی اہمیت ہوتی ہے۔ پنجاب کے نرسنگ شعبہ کی بہتری کیلئے انقلابی اصلاحات لا رہے ہیں۔ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں نرسنگ شعبہ کیلئے سنٹر آف ایکسی لینس بنایا جائے گا۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ میری خواہش ہے کہ آئندہ وائس چانسلر یا وزیر ایک نرس بنے۔ہمیں نرسنگ شعبہ میں رول ماڈل بنانے ہوں گے۔ صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ پی کے ایل آئی میں نیا نرسنگ سکول بنانے جا رہے ہیں۔نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نرسنگ شعبہ کی بہتری چاہتے ہیں۔ اللہ پاک نے پاکستان کو ہر نعمت سے نوازا ہے۔میرے اور میرے خاندان کے خون میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی رچی بسی ہوئی ہے۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے مزیدکہاکہ ہسپتالوں میں آنے والے ہر مریض کو اپنا فیملی ممبر سمجھ کر اس کی خدمت کریں۔ہمیں مریضوں کی خدمت کرکے انکی دعائیں سمیٹنی ہیں۔ انشاء اللہ نرسنگ شعبہ کو نیکسٹ لیول پر لے کر جانا ہے۔ نرسوں کو جدید کورسز کروائے جائیں گے۔ وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے کہاکہ دنیا میں صحت کے نظام کا نرسوں کے بغیر کوئی وجود نہیں۔ ہم نے ہمیشہ مریضوں کی خدمت کرکے دعائیں لینی ہیں۔ نرسنگ پروفیشن نے اپنی خدمات کی بنیاد پر ہمیشہ عزت کمائی ہے۔