سیکرٹری صحت کے دفتر کی 58 گاڑیوں پر اوسطا 8 لاکھ 49 ہزار روپے مرمت پر خرچ ہوئے-گاڑیاں 6 کروڑ روپے سے زائد کا پٹرول ایک سال میں استعمال کر گئیں
لاہور (امداداللہ قریشی / خبر نگار)سیکرٹری صحت پنجاب کے دفاتر کی گاڑیوں پر مرمت پر کروڑوں روپے اخراجات پر آڈیٹرجنرل کی رپورٹ میں اعتراضات اٹھا دئے گئے ہیں اور کروڑوں روپے کے اخراجات مشکوک پائے گئے ہیں ۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے 2021-22 میں ہونے والے اخراجات پر اعتراضات لگا دیئے سیکرٹری صحت پنجاب کے دفتر میں غیر منظور شدہ 58 گاڑیاں استعمال ہو رہی ہیں
اورسیکرٹری صحت کے دفاتر کی یہ گاڑیاں 6 کروڑ روپے سے زائد کا پٹرول ایک سال میں استعمال کر گئیں جبکہ ایک گاڑی نے ماہانہ 596 لیٹر پٹرول 87 ہزار روپے سے زائد مالیت کا استعمال کیا ہے
سیکرٹری صحت کی اپنی گاڑی روزانہ 370 کلومیٹر کا سفر ریکارڈکرتی رہی ہے ۔سیکرٹری صحت کے دفتر کی 58 گاڑیوں پر اوسطا 8 لاکھ 49 ہزار روپے مرمت پر خرچ ہوئے۔ سیکرٹری صحت کے دفتر میں پٹرول کی کھپت کے رجسٹر میں درست ریکارڈ درج نہیں تھا رپورٹ کے مطابق ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن ، ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن کے دو پرسنل اسسٹنٹ کو تین گاڑیاں الاٹ کی گئی ہیں اس حوالے سے اڈیٹر جنرل آف پاکستان نے پٹرول کے استعمال اور گاڑیوں کی مرمت کے اخراجات کی تحقیقات کی سفارش کی ہے اورکہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت سیکرٹری صحت کے دفتر میں اس مد میں تحقیقات کرئے اور ذمہ داران کا تعین کرئے