جرم و سزاسٹی

اعلیٰ معیار کی زرعی ادویات کی کنٹرول ریٹ پر فراہمی کیلئے تحصیل کی سطح پر کسان سہولت سینٹرز کے قیام کا فیصلہ

کپاس کی کاشت کا 90فیصد ہدف حاصل کر لیا گیا ہے، سیمپل ٹیسٹنگ کی رپورٹ کیلئے 48گھنٹے کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے، بریفنگ

 جعلی زرعی ادویات کے کاروبار میں ملوث افراد کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کیا جائے اور اس سلسلے میں محکمہ زراعت فعال کردار ادا کرے،معیار کی جانچ کیلئے بڑے پیمانے پر سیمپل ٹیسٹنگ شروع کی جائے چیف سیکرٹری کا حکم

 لاہور(خبر نگار)
اعلیٰ معیار کی زرعی ادویات کی کنٹرول ریٹ پر فراہمی کیلئے پنجاب حکومت نے تحصیل کی سطح پر کسان سہولت سینٹرز کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔کاشتکاروں کی سہولت کیلئے ان سینٹرز پر معروف پیسٹی سائیڈ کمپنیوں کے کاؤنٹرز قائم کئے جائیں گے۔
فیصلہ چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس کے دوران کیا گیا۔ اجلاس میں جعلی زرعی ادویات کیخلاف جاری کریک ڈاؤن، کھادوں کی دستیابی، کپاس کی کاشت کے اہداف کا جائزہ لیا گیا جبکہ زرعی ادویات کے معیار کی جانچ کیلئے صوبہ بھر میں بڑے پیمانے پر سیمپل ٹیسٹنگ شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ جعلی زرعی ادویات کے کاروبار میں ملوث افراد کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کیا جائے اور اس سلسلے میں محکمہ زراعت فعال کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ خریف کی فصل کیلئے یوریا سمیت تمام کھادوں کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ کپاس نہایت منافع بخش فصل ہے، کپاس کے کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبے کی بہتری کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں، کاشتکار خوشحال ہوگا تو ملک ترقی کرے گا۔
 سیکرٹری زراعت نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ کپاس کی کاشت کا 90فیصد ہدف حاصل کر لیا گیا ہے۔ زرعی ادویات کے موثر استعمال کے سلسلے میں آگاہی بڑھانے کیلئے ملتان میں کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔سیمپل ٹیسٹنگ کی رپورٹ کی فراہمی کیلئے 48گھنٹے کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔زراعت، آبپاشی اور خزانہ کے محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز، ایڈیشنل آئی جی سیشل برانچ اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button