ملک میں سیاسی وفا داریاں تبدیل کرنے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے،عوام ان بہروپیوں کو پہچان لیںجماعت اسلامی پنجاب وسطی
لاہور (خبر نگار) امیرجماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ حکمران بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریں۔تنخواہوں اور پنشن میں مہنگائی کے تناسب سے کم از کم پچاس فیصد تک اضا فہ کیا جائے۔ملکی معاشی ترقی کے راستے میں قرضوں کے پہاڑ کھڑے ہیں۔اس وقت ہر پاکستانی سوا دو لاکھ روپے سے زائد کا مقروض ہوچکا ہے۔حکومتیں بدلتی رہیں مگر عوام کی حالت زار کبھی نہیں بدلی۔حالیہ بجٹ بھی آئی ایم ایف کاتیارکردہ ہے جس میں عالمی اداروں کی ترجیحات کوپیش نظر رکھا جائے گا۔ حکمرانوں کی ترجیحات میں عوامی مسائل شامل نہیں۔ مہنگائی میں مزید اضافے کا حکومتی ترجمان اعتراف کر چکے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو عوام کے مسائل سے کوئی غرض نہیں۔حکومت نے ملک سے غربت کی بجائے غریب مکاؤپالیسی کواختیارکررکھا ہے۔بجٹ میں سیلزٹیکس میں اضافے کی نوید تشویش ناک ہے،جس سے عوام میں ابھی سے بے چینی بڑھ گئی ہے۔چینی،سبزیوں سمیت سینکڑوں اشیاء پر ٹیکس بڑھانے سے ملک میں مہنگائی کاطوفان آئے گا۔انہوں نے کہا کہ جب پارلیمنٹ میں چور لیٹرے، کرپٹ افراد بیٹھیں گے تو عوام کے مسائل کیسے حل ہو سکتے ہیں۔ ملک میں سیاسی وفا داریاں تبدیل کرنے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ عوام ان بہروپیوں کو پہچان لیں، یہ تمام چلے ہوئے کارتوس ہیں ان سے خیر کی توقع نہیں کی جا سکتی۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک و قوم اس وقت جن نا مساعد حالات سے دوچار ہیں وہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کے پیدا کردہ ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام جماعت اسلامی کو خدمت کا موقع فراہم کریں۔ ہمارے پاس با صلاحیت قیادت موجود ہے جو ملک و قوم کی تقدیر بدل سکتی ہے۔