نوجوانوں کو کاروبار کی دنیا میں جدت لانا ہوگی۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کا کانفرنس کے شرکاء سے خطاب
لاہور(خبر نگار) نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے ایف سی کالج میں فارمین انٹرنیشنل کانفرنس آن بزنس اینڈ اینوویشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر فیکلٹی ممبران اور بیرون ممالک سے آئے ریسرچرز نے شرکت کی۔
نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کانفرنس کے شرکاء سے اپنے خطاب میں کہاکہ دنیا کے پانچ ممالک کے ہیلتھ سسٹمز میں خدمات سر انجام دینے کا موقع ملا ہے۔ بطور وائس چانسلر طبی درسگاہوں میں ہمیشہ ریسرچ کو فروغ دیا۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ طبی درسگاہیں ہمیشہ علم پھیلاتی ہیں۔ نوجوانوں کو کاروبار کی دنیا میں جدت لانا ہوگی۔ ایک پرفارمر اپنی دنیا خود بناتا ہے۔ پرفارمر ہمیشہ مشکلات کو عبور کر کے کامیابی حاصل کرتاہے۔صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ کوویڈ 19 نے دنیا کو جینے کے نئے طریقے دیئے۔ کورونا کے دورمیں جدید ریسرچ پر توجہ دی گئی۔اچھی ریسرچ کے ہمیشہ معاشرے پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان 2048 تک آبادی کے اعتبار سے دنیا کا تیسرا بڑا ملک بن جائے گا۔ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر بیرون ممالک سے آئے ریسرچرز کے درمیان یادگاری شیلڈز بھی تقسیم کیں۔