عید پر عارضی مویشی منڈیوں کے باعث ٹریفک جام ہونے کا مسئلہ
ڈی سی لاہور نے ضلعی انتظامیہ، موٹر وے پولیس اور ایم سی ایل کا ورکنگ گروپ بنا دیا
عوام سے گزارش ہے قربانی کے جانور کی خریداری کرتے ہوئے انتظامیہ سے تعاون کریں۔ڈی سی لاہور
لاہور(خبر نگار)عید پر عارضی مویشی منڈیوں کے باعث ٹریفک جام ہونے کے مسئلہ کے حوالے سے ڈی سی لاہور نے ضلعی انتظامیہ، موٹر وے پولیس اور ایم سی ایل کا ورکنگ گروپ بنا دیا۔ملتان روڈ کی ٹریفک شاہ پور کانجراں منڈی کی وجہ سے متاثر ہوتی ہے جس کے موثر حل کے لیے پارکنگ کے بہترین انتظامات کر کے تمام گاڑیاں پارکنگ میں کھڑی کروائی جائیں گی۔تفصیلات کے مطابق ڈی سی لاہور نے ہائی وے پولیس، ایم سی ایل، ایل ڈبلیو ایم سی سمیت تمام محکموں کے ساتھ مشاورتی اجلاس کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ، موٹر وے پولیس اور ایم سی ایل کا ورکنگ گروپ بنا دیا۔ڈی سی لاہور کا کہنا تھا کہ ملتان روڈ کی ٹریفک شاہ پور کانجراں منڈی کی وجہ سے متاثر ہوتی ہے۔پارکنگ کے بہترین انتظامات کر کے تمام گاڑیاں پارکنگ میں کھڑی کروائی جائیں گی۔ رافعہ حیدرنے بتایا کہ ملتان روڈ پر عارضی منڈیوں کی تعداد بڑھانے کے لیے متبادل جگہوں کی نشاندہی پر بھی کام کر رہے ہیں۔
سڑک کنارے غیر قانونی منڈیوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ رافعہ حیدرکا مزید کہنا تھا کہ مویشی منڈی کے باہر جانور کھڑے کرنے پر سخت کاروائی کی جائے گی۔ ڈی سی لاہو رنے بتایا کہ مسئلے کا مستقل حل نکالنے کے لیے شاہ پور کانجراں کو ماڈل منڈی بنانے کی سفارش بھجوا رہے ہیں۔ڈی سی لاہورکا عوام سے گزارش کرتے ہوئئے کہنا تھا کہ قربانی کے جانور کی خریداری کرتے ہوئے انتظامیہ سے تعاون کریں۔