سٹیصحت

جنرل ہسپتال میں ضلعی و تحصیل ہسپتالوں کی نرسز کیلئے انفیکشن روک تھام بارے تربیتی ورکشاپ

بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے وحفظان صحت کیلئے نرسز کی تربیت نا گزیر ہے:پرنسپل پی جی ایم آئی

تربیتی کورس میں حصہ لینے والی نرسز میں اسناد تقسیم، عالمی ادارہ صحت و محکمہ صحت کے حکام کی شرکت

لاہور (خبر نگار) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفرنے کہا ہے کہ بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ضروری ہے کہ عوامی شعور کو بھرپور طریقے سے اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں کے وارڈز،آپریشن تھیٹرز اور لیبارٹریز سمیت مختلف جگہوں کو انفکیشن سے پاک رکھا جائے تاکہ مریض جلد از جلد صحت یاب ہوں اور بیماریاں مریضوں اور ہسپتال سٹاف میں منتقل نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس امر سے نہ صرف علاج معالجے پر آنے والے اخراجات کو کافی حد تک کنٹرول کیا جا سکتا ہے بلکہ بیڈز پر موجود مریضوں کی شرح بھی کم کی جا سکتی ہے۔
ان خیالات کا اظہارپروفیسر الفرید ظفر نے جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے ڈی ایچ کیو(DHQ)اور ٹی ایچ کیو (THQ) ہسپتالوں کی نرسنگ سٹاف کیلئے انفکیشن کی روک تھام کیلئے محکمہ صحت اور عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے لاہور جنرل ہسپتال میں ایک ماہ سے جاری تربیتی کورس کے اختتام پر سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عالمی ادارہ صحت پاکستان کے سربر راہ ڈاکٹر پلیتھا ماہی پالا،ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر الیاس گوندل، پروفیسر آصف بشیر، پروفیسر جودت سلیم،ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم، ڈاکٹر آمنہ آصف،ڈاکٹر عرفان ملک، ڈاکٹر عبدالعزیزاورڈاکٹرز و نرسز بڑی تعداد میں موجود تھے جبکہ ڈیرہ غازی خان،روجھان،تونسہ شریف، کوٹ چٹھہ اور جام پور سمیت دیگر اضلاع سے نرسز کی کثیر تعداد نے اس کورس میں حصہ لیا۔
پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ نرسز ہماری قوم کا انتہائی قیمتی سرمایہ ہیں ان کی عزت اور قدر بھی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس امر میں کوئی شک نہیں کہ زندگی اور موت اللہ رب العزت کے ہاتھ میں ہے لیکن انسانی جانیں بچانے کے لئے نرسیں اللہ پاک کا فراہم کردہ ایک مقدس وسیلہ ہیں اور پنجاب حکومت نے وقت کے ساتھ ساتھ نرسنگ کے شعبے کی محرومیت دور کر کے اسے با وقاراور با عزت پروفیشن میں بدل دیا ہے۔پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ سیلابی علاقوں میں جلدی امراض اور آلودہ پانی پینے سے مہلک بیماریاں جنم لیتی ہیں جن کے تدارک کے لئے مقامی لوگوں کو آگاہی فراہم کرنا بھی ضروری ہے تاکہ وہ پانی ابال کر استعمال کریں اور صابن سے ہاتھ دھوئیں جبکہ سیلاب متاثرین کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور اُن کی غذائی ضروریات کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے تاکہ ان کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پوسٹ گریجویٹ میڈیکل و لاہور جنرل ہسپتال عالمی ادارہ صحت کے مشکور ہیں جن کے تعاون سے ایسے تربیتی کورس منعقد ہوتے ہیں جو نرسز کی پیشہ وارانہ مہارت میں اضافہ کرتے ہیں۔ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ، ڈی جی ڈاکٹر الیاس گوندل، ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم نے تربیت حاصل کرنے والی نرسز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اپنے ہسپتالوں میں جا کر دیگر نرسز کی بھی تربیت کریں تاکہ مریضوں کی بہترسے بہتر خدمت کو یقینی بنایا جا سکے جبکہ تقریب کے اختتام پر نرسز میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button