منشیات کے قلع قمع اور انسداد جرائم میں پنجاب پولیس کے ساتھ مشترکہ اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ ایڈ پریسٹن
لاہور(خبر نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان نے امریکی سفارت خانے کے پولیس ایڈوائزرمسٹر ایڈ پریسٹن(Mr. Ed Preston)کے ساتھ سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ ایڈ پریسٹن(Mr. Ed Preston) امریکی ایمبیسی کے انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ افئیرز سیکشن سے منسلک ہیں۔ دوران ملاقات انسداد جرائم،پبلک سیفٹی اور انفراسٹرکچر کی ترویج میں باہمی تعاون کو بڑھانے پر اتفاق رائے ہوا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے امریکی پولیس ایڈوائزر کو پنجاب پولیس کے مرکزی ڈیش بورڈ پر پولیس اسٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم، سی آر او، ویمن سیفٹی ایپ،تحفظ سنٹرز و دیگر جدید پراجیکٹس بارے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب پولیس کے اہم پیشہ ورانہ امور کی تمام تر تفصیلات پولیس ڈیش بورڈ پر صرف ایک کلک پر دستیاب ہیں۔ڈاکٹر عثمان انور نے امریکی پولیس ایڈوائزر کو پنجاب پولیس کی ہیومن ریسورس موبائل ایپلی کیشن کے فیچرز اور ورکنگ سے بھی آگاہ کیا۔امریکی پولیس ایڈوائزر نے جرائم کنٹرول میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کو قابل ستائش قرار دیا۔ امریکی پولیس ایڈوائزر نے کہاکہ منشیات کے قلع قمع اور انسداد جرائم میں پنجاب پولیس کے ساتھ مشترکہ اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے دوران میٹنگ گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ امریکی پولیس کے تجربے سے استفادہ کرتے ہوئے پنجاب پولیس تربیتی میکانزم اور انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب پولیس کے ٹریننگ نصاب کو انفارمیشن شئیرنگ اور باہمی تعاون سے ری ڈیزائن کیا جائے گا، انسداد جرائم کیلئے پنجاب پولیس کو جدید ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ تربیت اور ساز و سامان کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ ملاقات کے اختتام پر آئی جی پنجاب اور امریکی پولیس ایڈوائزر کے مابین یادگاری سووینئرز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ذوالفقار حمید، ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ راجہ رفعت مختار، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق رستم چوہان، ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس، اے آئی جی ٹریننگ فیصل مختار سمیت دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔