اس اقدام کا مقصد نوجوان افسران کو دونوں کیٹیگریز کی پولیسنگ اور مستقبل کے چیلنجزکی تیاری میں مدد فراہم کرنا ہے۔ آئی جی پنجاب
لاہور ( خبر نگار، کرائم رپورٹر)
سندھ پولیس کے زیر تربیت ڈپٹی سپرنٹنڈٹس افسران کے وفد نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے انکے دفتر میں ملاقات کی۔ نوجوان افسران کو پنجاب پولیس کی ورکنگ، فیلڈ فارمیشنز، آئی ٹی اصلاحات، پیپر لیس ورکنگ اور دیگر جدید پراجیکٹس بارے بریفنگ دی گئی۔ڈاکٹر عثمان انور نے نوجوان افسران کو اپنے دفتر میں پولیس ڈیش بورڈ کے فیچرز، مانیٹرنگ میکانزم اور ورکنگ بارے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب پولیس انسداد جرائم اور شہریوں کو سروس ڈلیوری کی فراہمی کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کوبتدریج تقویت دے رہی ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ سندھ پولیس کے نوجوان افسران کو فیلڈ پولیسنگ کا حقیقی تجربہ دینے کیلئے 14روز کی انٹرن شپ کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نوجوان پولیس افسران 10 روز دیہاتی علاقوں میں رورل پولیسنگ اور4 روز شہری علاقوں میں اربن پولیسنگ کا عملی تجربہ حاصل کریں گے، آئی جی پنجاب نے کہا کہ نوجوان پولیس افسران کو خاندانی دشمنیوں پر قتل و غارت، مویشی چوری کے علاوہ سٹریٹ کرائم، دہشت گردی سمیت اربن پولیسنگ کے دیگر چیلنجز بارے آگاہی دی جائے گی اور اس اقدام کا مقصد نوجوان افسران کو دونوں کیٹیگریز کی پولیسنگ کا فرق سمجھاتے ہوئے مستقبل کے چیلنجز کیلئے تیار کرناہے۔
ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس نے نوجوان افسران کو پنجاب پولیس کے جدید سافٹ وئیرز اور خدمت پورٹل بارے آگاہ کیا۔ اے آئی جی کمپلینٹس شاکر احمد شاہد نے 1787 کمپلینٹ سسٹم کی ورکنگ اور شکایات ازالے کے میکنزم بارے لیکچر دیا۔ نوجوان پولیس افسران کو سنٹرل پولیس آفس میں شہداء اور غازی وال اور دیگر اہم شعبوں کا وزٹ بھی کروایا گیا۔ اس موقع پر اے آئی جی ٹریننگ فیصل مختار سمیت دیگر افسران بھی موجو دتھے۔