آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کاملک و قوم کے تحفظ اور خدمت میں مصروف عمل سپیشل برانچ کی ورکنگ بارے خصوصی پیغام
لاہور(خبر نگار ، کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ سپیشل برانچ پنجاب پولیس اور حکومت پنجاب کی آنکھ اور کان کی حیثیت رکھتی ہے، اس سپیشلائزڈ فورس کے اہلکارپس پردہ رہ کر سماجی برائیوں، آرگنائزڈ کرائم، شدت پسندی، فرقہ واریت سمیت اہم چیلنجز کے خلاف برسرپیکار رہتے ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ سپیشل برانچ کے خاموش سپاہی کر انتہائی جانفشانی سے اپنے فرائض کی ادائیگی یقینی بنار ہے ہیں اور گورننس کے معاملات بہتر بنانے میں انتہائی ہیں۔ ملک و قوم کے تحفظ اور خدمت میں مصروف عمل سپیشل برانچ کی ورکنگ بارے خصوصی پیغام میں آئی جی پنجاب نے بتایا کہ سپیشل برانچ ہرصوبے میں آئی جی کے ساتھ سادہ لباس میں اہم ترین فرائض سر انجام دیتی ہے، سپیشل برانچ کے جوان معاشرتی برائیوں، خطرناک مجرموں اور شہریوں کے درمیان سیسہ پلائی دیوار ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ سپیشل برانچ ذخیرہ اندوری سے اجناس کی قلت، ناجائز منافع خوری، مہنگائی میں ملوث مافیاز کے خلاف سرگرم ہے۔ رواں برس سپیشل برانچ پنجاب نے 04 لاکھ 50ہزار من گندم، 13 لاکھ من چینی، 47 لاکھ من یوریا، 02 لاکھ 60 ہزار من ڈی اے پی، ہزاروں ٹن گھی ذخیرہ اندوزوں سے برآمد کی۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ یوریا کھاد کی ذخیرہ اندوزی، جرائم کش ادویات میں ملاوٹ مافیا کے خلاف بھی سپیشل برانچ کامیابی سے آپریشنز کر رہی ہے۔ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہاکہ معاشرے سے سنگین جرائم کی بیخ کنی میں سپیشل برانچ کے کردار اور خدمات کو نظر انداز کرنا ممکن نہیں، سپیشل برانچ کی مدد سے رواں سال 6500 اشتہاریوں، 4500 منشیات فروشوں، غیر قانونی اسلحہ کے 1063 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، صوبہ بھر میں قمار بازی کے434، فحاشی کے191 سمیت منظم جرائم کے دیگر اڈوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی گئی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ بد عنوانی، اختیارات سے تجاوز سمیت گورننس کے لاتعداد مسائل کے ازالے میں سپیشل برانچ حکومت کو بروقت اطلاع دیتی ہے،حال ہی میں پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوری میں ملوث ذخیرہ اندوزعناصر کو سپیشل برانچ کی معاونت سے گرفتار کیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ امن وامان کا قیام، فرقہ واریت، مذہبی تفرقہ بازی،شدت پسندی اور صوبائیت سے متعلقہ مسائل کو ایڈوانس انفارمیشن سے ناکام بنایا گیا۔ڈاکٹر عثمان انور نے اپنے پیغام میں مزید کہاکہ جعلی عاملوں، عطائیوں کے خلاف کریک ڈاؤن اور مضر صحت ادویات، خوراک کی تیاری و فروخت کی روک تھام یقینی بناتی ہے،ڈینگی، کووڈ سمیت دیگر خطرناک امراض کے تدارک، سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اورادویات کی موجودگی بارے سپیشل برانچ کی رپورٹس نہایت اہمیت کی حامل ہیں۔ آئی جی پنجاب نے مزیدکہا کہ سوشل میڈیا پر ریاست پاکستان کے خلاف پروپیگنڈے اور برائیوں کی تشہیر کے خلاف سپیشل برانچ کا سوشل میڈیا سیل کام کرتا ہے۔ سپیشل برانچ کی ورکنگ کو جدید ٹیکنالوجی، ڈیٹا تجزیے اور ہم آہنگی کے ذریعے مربوط کرتے ہوئے اپ گریڈ کیا گیا ہے۔