محکمانہ وسائل کی آمدن کو موثر مینجمنٹ سے بڑھا کر سپاہ کی ویلفیئر پر خرچ کیا جا رہا ہے۔ آئی جی پنجاب
لاہور (خبر نگار ، کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پولیس فورس کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے انقلابی اقدامات جاری ہیں جن کے تسلسل میں پنجاب پولیس کی ویلفیئر برانچ نے 22 اہلکاروں کو سنگین بیماریوں کے علاج معالجے کیلئے ایک کروڑ 14 لاکھ سے زائد رقم جاری کر دی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق 9 جون کو پنجاب پولیس کی میڈیکل فنانشل اسسٹنس کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کانسٹیبل عامر شہزاد کو جگر کے علاج کیلئے 10 لاکھ روپے دئیے گئے ، ڈرائیور کانسٹیبل مختار احمد کو بیٹے کے کڈنی ٹرانسپلانٹ کیلئے 10 لاکھ روپے دئیے گئے ، ٹریفک وارڈن سید منیر افضل کو اہلیہ کے کینسر علاج کیلئے 10 لاکھ روپے دئیے گئے ، انسپکٹر محمد افضل کی بیوہ کو کینسر کے علاج کیلئے 10 لاکھ روپے دئیے گئے ، اے ایس آئی محبوب عالم کو بیٹی کے قورنیہ ٹرانسپلانٹ کیلئے 07 لاکھ روپے دئیے گئے ۔اسی طرح مختلف اضلاع سے موصول دیگر اہلکاروں کی درخواستوں پر باقی رقم جاری کرنے کی منظوری دی گئی ۔ ڈی آئی جی ویلفیئر پنجاب غازی محمد صلاح الدین نے بتایا کہ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر سپاہ کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے پاس دستیاب وسائل کی آمدن کو موثر مینجمنٹ سے بڑھا کر سپاہ کی ویلفیئر پر پہلے سے کئی گنا زیادہ خرچ کیا جا رہا ہے ۔