دو ہزار خاندانوں میں ہیضہ سے بچاؤ کے حفاظتی کٹس تقسیم کی گئیں۔ ڈی جی ہیلتھ پنجاب
لاہور (خبر نگار) ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں ہیضہ سے بچاؤ کے لیے گزشتہ ایک ہفتہ میں 130 سے زائد آگاہی سیشن منعقد کیے ہیں جس میں دو ہزار سے زائد خاندانوں کو ہاتھوں کی صفائی اور آلودہ پانی سے پھیلنے والی بیماریوں کے بارے میں مکمل آگاہی دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے لاہور کی سترہ یونین میں7 سے 13 جون 2023 اس مہم کا انعقاد کیا گیا ۔
انہوں نے کہا کہ گرمی کی شدت کے پیش نظر اور برسات سے پہلے شہریوں، خاص طور پر ماؤں کو صاف پانی اور ہاتھ دھونے کی اہمیت کے بارے بتانا بہت ضروری تھا۔ امید ہے اس سے ہیضہ کے کیسز پر قابو پانے میں بہت مدد ملے گی۔
مہم کا انعقاد توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی لاہور سے ملکر کیا۔ جبکہ تکنیکی اور مالی معاونت عالمی ادارہ صحت نے فراہم کی
مہم کا باقاعدہ افتتاح عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ برائے پاکستان ڈاکٹر پا لیتھا مہیپالا نے نشتر ٹاؤن کی یونین کونسل 137 میں کیا جس میں اسسٹنٹ کمشنر صاحبزادہ یوسف سمیت ایڈیشنل ڈائرکٹر سی ڈی سی ڈاکٹر شعیب احمد اور ایڈیشنل ڈائریکٹر توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات ڈاکٹر ثمرہ خرم نے شرکت کی۔
آگہی مہم میں 17 یونین کونسلز میں میں 134 کمیونٹی آگاہی سیشنز کا انعقاد کیا گیا جس کے لئے ضلع لاہور کی ہیلتھ ایجوکیشن ٹیم اور سکول ہیلتھ نیوٹریشن سپروائزرز نے مرکزی کردار ادا کیا ۔ انہیں عالمی ادارہ صحت کی طرف سے ہاتھ دھونے، صاف پانی اور عمومی صفائی کے بارے میں تربیت دی گئی۔ مہم میں، 22 سکول ہیلتھ نیوٹریشن سپروائزرز، 22 لیڈی ہیلتھ سپروائزرز اور 22 لیڈی ہیلتھ ورکرز بشمول سینٹری پٹرول عملہ نے 2000 خاندانوں کے لیے کمیونٹی سیشنز کا انعقاد کیا جس میں ماؤں کی تربیت پر خصوصی توجہ دی گئی۔
عالمی ادارہ صحت نے شہر کے پسماندہ علاقوں میں 2000 خاندانوں کو ہیضہ سے بچاؤ کی حفظان صحت کی کٹس بھی فراہم کی۔ کٹس میں پانی ذخیرہ کرنے کے برتن، پانی کو پینے کے قابل بنانے والی جراثیم کش گولیاں، صابن، او آر ایس کے پیکٹ اور دیگر سامان شامل ہے۔ مہم میں دو لاکھ سے زائد أگہی فلائیر اور بینر اور دیگر مواد دیا گیا
یاد رہے کہ توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات پنجاب نے ہیضہ کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر گزشتہ سال لاہور کی انہی یونین کونسلز میں ہیضہ سے بچاؤ کی ویکسی نیشن مہم کا بھی انعقاد کیا تھا۔
عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ برائے پاکستان ڈاکٹر پالیتھا مہیپالا نے اس بات پر زور دیا کہ بہترین نتائج کے لیے ویکسین کے ساتھ صفائی سے متعلق آگہی بہت اہم ہے۔
ڈائریکٹر پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات پنجاب ڈاکٹر مختار احمد نے کہا ہاتھوں کی صفائی اور صاف پانی کے استعمال سے کئی بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔ انہوں نے آگاہی مہم کی حمایت کرنے پر عالمی ادارہ صحت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آگہی اور تربیت کو صحت عامہ میں بہت اہمیت حاصل ہے۔ہمیں سب کو یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ محض حففظان صحت کے اصولوں پر عمل کرنے سے بہت سی بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے۔