قذافی اسٹیڈیم کے باہر کھڑے پانی کی چند گھنٹوں میں نکاسی کرلیں گے۔ڈاکٹرجاویداکرم
لاہور(خبر نگار) وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی ہدایت پر نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کیا۔اس موقع پر پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ، ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹر امجد، ڈاکٹر یحییٰ سلطان کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن صاحبزادہ یوسف و دیگر حکام موجود تھے۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے قذافی اسٹیڈیم، ہاکی اسٹیڈیم، لبرٹی چوک اور جناح ہسپتال میں بارش کے بعد کھڑے ہونے والے پانی کی نکاسی کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اکبر چوک پر ترقیاتی کاموں کا جائزہ بھی لیا۔اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن صاحبزادہ یوسف نے نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کو نکاسی آب کے حوالے سے انتظامات پر بریفنگ دی۔
نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی ہدایت پر لاہور شہر کے مختلف علاقہ جات کا دورہ کرکے نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔کمشنر لاہور ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر لاہور نے شہر بھر میں نکاسی آب کے بہتر انتظامات کئے ہیں۔ قذافی اسٹیڈیم کے باہر کھڑے پانی کی چند گھنٹوں میں نکاسی کرلیں گے۔ صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ قذافی اسٹیڈیم کے باہر کھڑے پانی کو محفوظ بنانے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذمہ داران سے ملاقات کریں گے۔صوبائی وزیر صحت نے جناح ہسپتال کی انتظامیہ کوشام تک بیسمنٹ سے پانی نکال کر مکمل صفائی کرنے کی ہدایت کی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرجاویداکرم نے عیدالاضحی کے موقع پر عوام سے صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کی بھی اپیل کی۔