سٹیصحت

ڈینگی پر کنٹرول اور ریسرچ کے لئے 300 اینٹامالوجسٹ بھرتی کئے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹر جمال ناصر وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر

ڈینگی لاروا کی روک تھام کے لئے سینٹری پٹرول کا عملہ میرٹ پر بھرتی کیا گیا ہے حاضری بائیو میٹرک اور اعزازیہ بینک اکاؤنٹ کے ذریعے دیا جائے گا۔

ڈینگی کے عالمی دن کے موقع پر آگاہی واک کے دوران میڈیا سے گفتگو

لاہور (خبر نگار) ڈینگی کے عالمی دن کے موقع پر نگراں وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر کی قیادت میں آگاہی واک منعقد ہوئی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر جمال ناصر نے بتایا کہ ڈینگی پر موثر کنٹرول اور ریسرچ کے لئے نئے مالی سال کے دوران 300 سے زیادہ اینٹامالوجسٹ بھرتی کئے جا رہے ہیں جبکہ ڈینگی لاروا کی روک تھام کے لئے کام کرنے والے سینٹری پٹرول کا عملہ پہلی بار مکمل طور پر میرٹ پر بھرتی کیا گیا ہے جس کی حاضری بائیو میٹرک کے ذریعے یقینی بنائی جائے گی اور ماہانہ اعزازیہ نقد کی بجائے بذریعہ بینک اکاؤنٹ ادا کیا جائے گا۔ ریسرچ سے ثابت ہوا ہے کہ بلا جواز سپرے کرنے کے نتیجے میں الرجی میں اضافی ہوا ہے اور گھروں میں پودوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ ڈینگی سے گھبرانے کی ضرورت نہیں، ملیریا اور ہیپاٹائٹس اس سے زیادہ مہلک بیماریاں ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ شہریوں میں صفائی کی اہمیت اور بیماریوں سے بچنے کے لئے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کا شعور اجاگر کیا جائے تاکہ شہری انہیں اختیار کر کے اپنی صحت کا تحفظ کر سکیں اور جن بیماریوں سے بچنے کے لئے حفاظتی ٹیکوں کی ضرورت ہے وہ ٹیکے لگوالیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی واکس اور سیمینارز کا مقصد شہریوں میں صحت مند طرز زندگی اختیار کرنے کا شعور پیدا کرنا ہے۔ شہری آلودہ پانی ، ناقص خوراک، گندے ماحول، ملاوٹ والے مصالحہ جات اور جعلی ادویات سے بچیں۔ ہمیں ان سب کے خلاف لوگوں کو آگاہی دینا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بیماریوں سے بچانے کے لئے اکیلا محکمہ صحت کچھ نہیں کر سکتا، کسی بھی مہم کی کامیابی کے لئے عوام کا تعاون بہت ضروری ہے۔
ڈینگی آگاہی واک میں ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر الیاس گوندل ، ڈاکٹر ید اللہ ، ڈاکٹر ریاض احمد اور ڈاکٹر محمد اعظم سمیت دیگر افسران اور محکمہ صحت کے ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button