امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ اور سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور خالد احمد بٹ کا خطاب
لاہور (خبر نگار )امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ اور سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور خالد احمد بٹ نے کہا کہ پیپلز پارٹی 1970سے ملک میں دھونس دھاندلی اوراخلاقی کرپشن کررہی ہے۔ کراچی کے مئیر الیکشن میں پیپلزپارٹی کی غنڈہ گردی اور فسطائیت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے کراچی مئیر الیکشن میں ریاستی مشینری کا استعمال کرکے جمہوریت کا جنازہ نکالا ہے۔جماعت اسلامی کی قیادت اور کراچی کی غیور عوام پیپلزپارٹی کی غنڈہ گردی ہرگز قبول نہیں کریں گے۔ پیپلز پارٹی نے 1971 ء کی تاریخ دوہرا کرعوامی رائے اور آئین پاکستان پر شب خون مارا ہے۔ حافظ نعیم الرحمن کے حامی30سے زائد منتخب اراکین کو پولیس کے ذریعے اغواء کرکے لاپتہ کیا گیا۔ قوم جان چکی ہے کہ پیپلز پارٹی جمہوری نہیں بلکہ ڈاکوؤں کی جماعت ہے۔ قائدین مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ حکومت اور کراچی پولیس کے ذریعے کراچی کی عوام کے مینڈیٹ پر شب خون مارا ہے۔ جماعت اسلامی کی قیادت اور کراچی کی غیور عوام پیپلزپارٹی کی غنڈہ گردی ہرگز قبول نہیں کریں گے۔ کراچی کی عوام اور جماعت اسلامی کی قیادت کیساتھ اہل لاہور بھر پور اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔قائدین نے کہا کہ کراچی میئر الیکشن میں تاریخ کی بدترین دھاندلی کے خلاف آئین اور قانون کا راستہ اپنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر کل ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی یوم سیاہ منایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے زیر اہتمام کراچی میئر الیکشن کے اغوا، ووٹوں کی خریداری اور دھونس دھاندلی کیخلاف الیکشن کمیشن کیدفتر کے باہرمظاہرے اور جماعت اسلامی حلقہ لاہور کے تمام عہدیداران و ذمہ داران اور امیدواران قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔احتجاجی مظاہرے میں امیر غربی ضلع غربی لاہور عبدالعزیز عابد، رہنما جے آئی یوتھ لاہور آدم ملک،حافظ ذوالنون، وسیم اسلم قریشی، عبدالرحمن، خواجہ وسیم، زاہد چشتی، صہیب گجر اورجماعت اسلامی کے رہنماؤں جے آئی یوتھ لاہور کے رہنماؤں، نوجوان اور کارکنان نیبڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے سندھ حکومت،الیکشن کمیشن اور کراچی پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔