سی سی پی او لاہور کی جانب سے تاریخی عمارتوں کی حفاظت کے لئے بہترین سیکورٹی فراہمی کی یقین دہانی
لاہور(خبر نگار، کرائم رپورٹر)سی سی پی اولاہور بلال صدیق کمیانہ سے ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی اتھارٹی کامران لاشاری نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن شاہد ندیم، انچارج لاہور فورٹ فائزہ شاہ، انچارج شالیمار گارڈن اصغر حسین، انچارج شاہدرہ یاسر عرفات کے علاوہ ایس پی سٹی (انوسٹی گیشن) رضا تنویر، ایس پی کینٹ (آپریشن) اویس شفیق سمیت متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران لاہور کے تاریخی ثقافتی ورثہ کی بحالی کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی اور سی سی پی او لاہور کے درمیان مقبرہ جہانگیر، شالیمار باغ اور شاہی قلعہ کے اطراف میں نشے کے عادی افراد کی موجودگی، موبائل چھیننے اور چوری کے واقعات کی روک تھام کیلئے سیکورٹی کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کامران لاشاری نے اندرون شہر میں تجاوزات، ہائی رائز بلڈنگز اور غیر قانونی تہہ خانوں کی تعمیر سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا۔ سی سی پی او نے ڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی کو پولیس کے مکمل تعاون کی یقینی دہانی کروائی۔انہوں نے اندرون شہر کی بحالی کیلئے کامران لاشاری کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ والڈ سٹی آف لاہوراتھارٹی نے سیاحت کے فروغ میں اہم کردا ر ادا کیا ہے۔
کامران لاشاری نے کہا کہ والڈ سٹی اتھارٹی کے تحت اندرون لاہور کا دس فیصد ایریا انٹرنیشنل ماڈل کے تحت سٹیٹ آف دی آرٹ بنا دیا گیا ہے۔اس پراجیکٹ کے تحت عالمی معیار کے واٹر اینڈ سینی ٹیشن ورک اور انڈر گراونڈ الیکٹریسٹی سسٹم بنایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی دلچسپی سے شاہدرہ کمپلیکس اور شالیمار باغ کی تزین و آرائش کیلئے فنڈز جاری کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں بھاٹی گیٹ اور پھر ٹیکسالی گیٹ سے شاہی قلعہ تک کی بحالی کا آغاز کیاجا رہا ہے۔ بفر زون کے تحت ٹیکسالی گیٹ علی پارک قلعہ کے ساتھ مل جائے گا اور سڑک دوسری سائیڈ سے گزاری جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کی سب سے قدیم مریم زمانی مسجد کی بحالی کیلئے ورک پلان تیار کیاجا رہا ہے۔ لاہور ہمارا تاریخی ورثہ ہے،یونیسکو کی جانب سے شاہی حمام پراجیکٹ کی کامیاب تکمیل پر والڈ سٹی آف لاہوراتھارٹی کوایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور کی تاریخی اہمیت کے پیش نظر عالمی اور مقامی ڈونرز اس کی ڈویلپمنٹ میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ کامران لاشاری نے لاہور میں یوگا اور فٹنس کلبز کے قیام کا بھی عندیہ دیا۔