امیر العظیم، ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ، میاں ذکر اللہ مجاہد، عبدالعزیز عابدکا منصورہ میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب
لاہور (خبر نگار )سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم، امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری، نائب امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد اور امیر ضلع غربی لاہور عبدالعزیز عابد امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر کراچی میں میئر کے جعلی انتخاب، غیرجمہوری و غیر آئینی عمل کے خلاف منصورہ ملتان چونگی پر بڑے احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ15جون کا دن کراچی نہیں بلکہ پاکستان کی جمہوری تاریخ کا بدترین دن ہے۔ زرداری صاحب کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ کراچی میئر کا انتخاب سینما نہیں جہاں حافظ نعیم الرحمن کی جگہ مرتضی وہاب کی تصویر لگالی جائے۔ پیپلز پارٹی والے سن لیں کراچی میئر کا الیکشن سندھ کی زمین اور جائیداد یں نہیں جہاں قبضہ کرلیا جائے۔یہ کراچی کی عوام کے 9 لاکھ ووٹوں کا اعتماد ہے جیسے کسی دھونس او ردھاندلی سے کوئی مائی کا لال چورا نہیں سکتا۔ ایک طرف سوا 3 لاکھ دوسری جانب جماعت اسلامی کے 9لاکھ ووٹ تھے مگر سوا 3 لاکھ والوں کو فاتح قرار دے دیا گیا۔ جماعت اسلامی کے مینڈیٹ کو تسلیم کرتے ہوئے میئرکراچی کا الیکشن صاف،شفاف اور غیرجانبدار الیکشن کمیشن کے ذریعے کرایا جائے۔قائدین نے مزید کہا کہ کراچی میئر کے الیکشن نے پوری قوم کو بتا دیا ہے کہ 1971 میں ملک کو دوٹکروں میں کن لوگوں نے تقسیم کیا۔ پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت نے حکومتی جبر و تشدد اور الیکشن کمیشن کی ملی بھگت سے زبردستی عوامی مینڈیٹ کو چوری کیا ہے۔قائدین نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ اس جعلی انتخاب کو کالعدم قرار دے کر از سر نو شیڈول جاری کیا جائے۔جماعت اسلامی کی کسی سے ذاتی دشمنی یا لڑائی نہیں ہے ہماری لڑائی جمہوریت دشمنوں سے ہے۔جنہوں نے جمہوریت کے نام پر غیر جمہوری رویہ اختیار کیا اور ہمارے مینڈیٹ پر قبضہ کیا کسی صورت قبول نہیں۔ میئر کے انتخاب میں ہمارے ووٹروں کو اغوا و لاپتا کر کے روکا گیا۔
ہماری لڑائی کراچی کی عوام کے مینڈیٹ کو چوری کرنے والوں سے ہے یہ لڑائی اور جنگ جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے تحفظ اور آئین، قانون اور انصاف کی بالادستی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔جماعت اسلامی کراچی کے عوام کے مینڈیٹ کے تحفظ کیلئے ہر آئینی اور قانونی طریقہ اختیار کرے گی۔جماعت اسلامی ایک جمہوری اور عوامی جماعت ہے۔،پیپلزپارٹی کے جمہوریت دشمنی اور فسطائیت کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔ حکمران جماعت کو ماضی سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔ ایسے حالات پیدا نہ کیے جائیں جس سے ملک مزید سیاسی عدم استحکام اور انتشار کا شکار ہو۔