سوئی ناردرن گیس کے نیٹ ورک میں ولی گیس فیلڈ سے گیس کی فراہمی
لاہور (خبر نگار) صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع لکی مروت میں ایک تاریخی پیشرفت میں،OGDCL کی
نئی دریافت شدہ گیس فیلڈ ولی (بیٹانی) سے سوئی ناردرن کے نیٹ ورک میں گیس کی فراہمی گزشتہ روز(جمعہ) کی صبح شروع ہو گئی ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی(او جی ڈی سی ایل) نے گزشتہ سال ولی گیس فیلڈ دریافت کی تھی۔ اسی مناسبت سے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور وفاقی وزارت توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) نے سوئی ناردرن کو ہدایت کی کہ وہ نئی دریافت ہونے والی گیس فیلڈ سے گیس کی فراہمی کے لیے پائپ لائنیں بچھائیں۔
ولی گیس فیلڈ سے نکالی جانے والی گیس کو او جی ڈی سی ایل کے پروسیسنگ پلانٹ سے پرو سیس کرنے کے بعد سوئی ناردرن کے ٹرانسمیشن سسٹم میں داخل کیا جائے گا۔ گیس فیلڈ سے موجودہ گیس سپلائی کا فلو ریٹ 10 ایم ایم سی ایف ڈی ہے جو کہ مستقبل قریب میں بڑھ کر 20 ایم ایم سی ایف ڈی ہونے کی امید ہے۔ یہ گیس حال ہی میں تعمیر کی گئی 50 کلومیٹر لمبی ہائی پریشر پائپ لائن کے ذریعے فراہم کی جائے گی جوکہ او جی ڈی سی ایل کے پروسیسنگ پلانٹ کو سوئی ناردرن کے نیٹ ورک کاکا خیل، ضلع لکی مروت سے منسلک ہے۔ اس کے علاوہ، ایس این جی پی ایل نے بطور کنٹریکٹر او جی ڈی سی ایل کی درخواست پر 16 کلو میٹر طویل مشترکہ لائن بھی تعمیر کی ہے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایس این جی پی ایل کو پائپ لائنوں کو بچھانے کے دوران سیکورٹی کے شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔تمام تر مشکلات کے باوجود کمپنی نے 8 انچ قطر والی 66 کلو میٹر طویل پائپ لائنوں کو قلیل مدت میں بچھانے میں کامیابی حاصل کی۔پروسیسنگ پلانٹ تک 16 کلومیٹر کے حصے اور پروسیسنگ پلانٹ سے کاکا خیل والو اسمبلی تک 50 کلومیٹر کے حصے پر مشتمل پائپ لائن کے دونوں حصوں کو بالترتیب 14 اور 15 جون کو کامیابی کے ساتھ مکمل کیا گیا۔
توانائی کے موجودہ بحران کے تناظر میں، قومی اہمیت کے حامل گیس فراہمی کے منصوبے کی مقررہ وقت سے پہلے تکمیل کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز و مینجمنٹ اور سوئی ناردرن گیس کی افرادی قوت کی مسلسل لگن اور محنت کے ساتھ ممکن ہوئی ہے۔