جرائم پیشہ افراد قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکتے، ایس پی حسن جاوید
لاہور (خبر نگار)لاہور پولیس اور سیف سٹیز اتھارٹی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے گن پوائنٹ پر گھر میں واردات کرنے والا 2 رکنی ڈکیت گینگ گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق گرین ٹاون پولیس نے سیف سٹیز کیمروں کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت ارحم عرف راما اور مانا کے نام سے ہوئی۔ ملزمان کے قبضے سے 27 لاکھ روپے مالیت کی کرنسی اور طلائی زیورات برآمدکر لیے گئے۔ ملزمان سے وارداتوں میں استعمال ہونے والے 2 پسٹل اور گولیاں بھی برآمد کرلی گئیں۔ اس موقع پر ایس پی حسن جاوید کا کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا گیاہے۔ جرائم پیشہ افراد قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکتے۔ شہری اپنے گرد و نواح میں ہونے والی کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع 15 پر دیں۔