پولیس ویلفیئر سکولز کے تمام سٹاف رومز میں اے سی اور ایل ای ڈیز کی سہولت دی جائے،ڈاکٹر عثمان انور۔
لاہور (خبرنگار،کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کے ویلفیئر سکولز کے سٹوڈنٹس اور اساتذہ کے لئے بہترین ماحول یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ تدریسی سہولیات میں اضافہ کیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس ویلفیئر سکولز میں سمر کیمپ منعقد، سپورٹس و تخلیقی سرگرمیوں کو فروغ دیں، پولیس ویلفیئر سکولز کے تمام سٹاف رومز میں اے سی اور ایل ای ڈیز کی سہولت دی جائے،ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس ویلفیئر سکولز کی آمدنی میں اضافہ کے لئے زیادہ سے زیادہ تعداد میں ایڈمیشن یقینی بنائیں، پولیس کے تمام ویلفیئر سکولز سے حاصل شدہ آمدنی پولیس شہدا کے ورثا کے علاج معالجے اور فلاح و بہبود پر خرچ کی جا رہی ہے،ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ویلفیئر سکولز میں طلبا و طالبات کے داخلہ کہ شرح میں اضافہ کی ہدایت کی، آئی جی پنجاب نے کہا کہ آر پی اوز اور ڈی پی اوز سکولز انتظامیہ کے ساتھ مشترکہ لائحہ عمل اپنائیں اور پولیس ویلفیئر سکولز کی ورکنگ کو بہتر سے بہتر بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ویلفیئر سکولز کی کارکردگی بارے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ دوران اجلاس ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس سے منسلک سکولز میں فراہم کی جانے والی تعلیمی و تدریسی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا،
ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس ریاض نذیر گاڑا، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس، ڈی آئی جی ویلفیئر غازی صلاح الدین، اے آئی جی ایڈمن عمارہ اطہر،اے آئی جی ویلفیئر نوید اجمل،مختلف ریجنز کے آر پی اوز، ڈی پی اوز، سکول سربراہان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔