مذہب و مسلک سے مبرا ہو کر دائمی امن کے پرچار کیلئے کردار ادا کرنے والے تمام علماکرام کا از حد مشکور ہوں۔ آئی جی پنجاب
لاہور(خبر نگار, کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے عزاداری کونسل پاکستان کے علماء کرام کے وفد نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔پروفیسر علامہ ذوالفقار حیدر کی قیادت میں آئے وفد میں عامرعلی خان، شمشیر علی خان، اللہ وسایا، علامہ سید اشتیاق کاظمی اور اصغر بخاری سمیت دیگر علما کرام شامل تھے۔دوران ملاقات امام بارگاہوں، عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے مذہبی مقامات، جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی مزید بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے علمائے اکرام سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مذہبی رواداری اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ میں تمام مسالک کے علماکرام اور مشائخ عظام کا کردار قابل ستائش ہے، مذہب و مسلک سے مبرا ہو کر دائمی امن کے پرچار کیلئے کردار ادا کرنے والے تمام علماکرام کا از حد مشکور ہوں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزیدکہاکہ تمام ڈی پی اوز کو مقامی علما اکرام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں، علما ئے کرام، علاقائی امن کمیٹیوں کی تجاویز کو سکیورٹی انتظامات کے دوران مد نظر رکھا جائے گا۔ وفد میں شامل تمام علمائے اکرام نے اتحاد بین المسلمین اور بین المسالک ہم آہنگی کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔پروفیسر علامہ ذوالفقار حیدر نے کہاکہ امن وامان برقرار رکھنے کیلئے پنجاب پولیس کی خدمات اور قربانیوں کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ پاکستان کی بقا اور سلامتی کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ایڈیشنل آئی جی آپریشنز شہزادہ سلطان، ڈی آئی جی آپریشنز وقاص نذیر اور اے آئی جی آپریشنزاسد اعجاز ملہی سمیت دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔