ابراہیم حسن مراد کا دورہ شیخوپورہ، ترقیاتی منصوبوں اور مون سون انتظامات کا جائزہ
لاہور(خبر نگار)
نگران صوبائی وزیر بلدیات ابراہیم حسن مراد نے ہدایت کی ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی آلائشیں بروقت ٹھکانے لگانے کے لئے میونسپل افسران فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں۔ عید قربان کے موقع پر میونسپل اداروں کے چیف آفیسرز ضلعی انتظامیہ کے افسران کے ساتھ کوآرڈینیشن سے کام کریں۔ عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ شیخوپورہ کے دورے میں ڈپٹی کمشنر آفس میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے عید کے انتظامات کے حوالے سے وزرا کی ڈیوٹی لگا دی ہے۔ آج میری شیخوپورہ آمد اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ نگران صوبائی وزیر نے اجلاس کے دوران ترقیاتی منصوبوں میں پیشرفت اور مون سون انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر سرمد تیمور نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دی۔
نگران وزیر بلدیات ابراہیم حسن مراد نے ہدایت کی کہ ضلع بھر میں جاری تمام ترقیاتی منصوبے شفافیت، معیار اور تیز رفتاری کے ساتھ بروقت مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی محسن نقوی کے ویژن کے مطابق محکمہ بلدیات میں بہتری لا رہے ہیں۔ شہریوں کو بہترین اور جدید میونسپل سروسز کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ بلدیاتی ادارے شہریوں کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائیں۔ ابراہیم مراد نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے بلدیاتی ادارے اپنا کردار ادا کریں۔ شہریوں کی سہولت کے لئے بلدیاتی اداروں کی تمام خدمات کو بہت جلد ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے۔ ڈیجیٹل سروسز سے نظام میں شفافیت اور وقت کی بچت ہو گی۔ پنجاب میں ”اب گاؤں چمکیں گے“ پروگرام بھی جلد شروع کیا جا رہا ہے۔ پروگرام کے تحت دیہات میں شہروں کی طرز پر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مون سون کے دوران متوقع تیز بارشوں کے پیش نظر میونسپل اداروں کا عملہ الرٹ رہے۔ نشیبی علاقوں میں بارانی پانی کھڑا ہونے سے شہریوں و مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں ناجائز نجاوزات کے مکمل خاتمے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی قیادت میں کم عرصے میں عوام کی خدمت کے بہت زیادہ کام کئے ہیں۔ اللہ کے فضل سے پنجاب کی گورننس بہت اچھی جا رہی ہے۔