ڈی آئی جی علی ناصر رضوی 09 مئی کو آنکھ اور سر شدید زخمی حالت ہونے کے باوجود مسلسل ڈیوٹی پر ڈٹے رہے، ڈاکٹر عثمان انور
لاہور (خبر نگار، کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ شہریوں کی جان ومال کی حفاظت، لا اینڈ آرڈر کنٹرول کرنے کے دوران زخمی ہونے والے غازی افسران واہلکار ہمارے سر کا تاج ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ ڈی آئی جی علی ناصر رضوی بھی انہی بہادر غازیوں میں شامل ہیں جو09 مئی کو آنکھ اور سر شدید زخمی حالت ہونے کے باوجود مسلسل ڈیوٹی پر ڈٹے رہے اور فرض شناسی کی عظیم مثال قائم کی۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس ایسے ہی بہادر اورفرض شناس افسران واہلکاروں کی امین فورس ہے جو شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے کبھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں ڈی آئی جی آپریشنز لاہور علی ناصر رضوی کی صحت یابی کے بعد آمد کے موقع پر ان کا فقید المثال استقبال کرنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور علی ناصر رضوی کو گلے سے لگایا اور ان کا ماتھا چوما۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز لاہور علی ناصر رضوی کی عہدے کا چارج دوبارہ سنبھالنے کے بعد سنٹرل پولیس آفس آئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے 09 مئی کو شرپسندوں کی طرف سے شدید زخمی کئے جانے والے غازی ڈی آئی جی علی ناصر رضوی کا فقیدالمثال استقبال کیا،ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون ڈاکٹر انعام وحید، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو ذیشان اصغر، دیگر افسران ہمراہ تھے،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سمیت سینئر پولیس افسران نے ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر رضوی کو پھولوں کے ہار پہنائے،سی پی او آفس کے ملازمین نے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور علی ناصر رضوی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں،
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، سینئر پولیس افسران نے ڈی آئی جی آپریشنز کے ہمراہ غازی وال پر ڈی آئی جی آپریشنز کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ڈی آئی جی آپریشنز نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو آنکھ کے آپریشنز کے بعد بصارت کی بحالی میں پیش رفت سے آگاہ کیا،ڈی آئی جی آپریشنز لاہور علی ناصر رضوی کا اسی جوش و جذبے کے ساتھ ایک بار پھر سے ملک و قوم کی بھرپور خدمت کا عزم کیا۔