لاہور(خبر نگار) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت کی جانب سے خصوصی سرمایہ کاری سہولیاتی کونسل کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے درست سمت میں ایک قدم قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور، سینئر نائب صدر ظفر محمود چودھری اور نائب صدر عدنان خالد بٹ نے کہا کہ یہ کونسل دور رس نتائج کی حامل ہوگی ، سرمایہ کاری کو فروغ دے گی اور ایسی حکمت عملی مرتب کرنے میں مدد ملے گی جس سے ملک میں سرمایہ کاری کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا جاسکے۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ حکومت اس کونسل میں کاروباری برادری کی شمولیت یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ا س کونسل سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے اور اقتصادی ترقی کی رفتار تیز ہوگی۔ انہوںنے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولیاتی کونسل کے ذریعے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا جاسکے گا جس سے مشترکہ منصوبہ سازی کی راہ بھی ہموار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کونسل سرمایہ کاری کی راہ میں آنے والی رکاوٹیں دور کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے کہا کہ اس کونسل کے ذریعے جی سی سی ممالک ، افریقی اور وسطی ایشیائی ریاستوں کو پاکستان کے دفاع، زراعت، معدنیات، آئی ٹی ،توانائی، سیاحت، ہاﺅسنگ ، تعمیرات اور فوڈ پراسیسنگ جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری پر آمادہ کیا جائے۔
Related Articles
Check Also
Close