لاہور(خبر نگار، کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس میں محکمانہ ترقیوں کے لیے پروموشن بورڈ کے اجلاس باقاعدگی سے جاری ہیں جس کے تسلسل میں 94 سب انسپکٹرز کو انسپکٹر اور پی ایچ پی کے 93 ہیڈ کانسٹیبلز کو اسسٹنٹ سب انسپکٹر کے عہدوں پر ترقی کے احکامات جار ی کردیے۔
تفصیلات کے مطابق، ترقی پانے والے سب انسپکٹرز میں سے 12کا تعلق بہاولپورریجن،05 ڈی جی خان، 14 فیصل آباد، 06 گوجرانوالہ، 03گجرات، 07 لاہور، 01 ملتان، 12 راولپنڈی، 01 ساہیوال، 24 سرگودھا، 08 شیخوپورہ جبکہ 01 کا تعلق پولیس بینڈ سٹاف سے ہے۔ سب انسپکٹر کی پروموشن بورڈ کااجلاس سنٹرل پولیس آفس لاہور میں ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب راجہ رفعت مختار کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ I ڈاکٹر انعام وحید بھی موجود تھے۔ اسی طرح پنجاب ہائی وے پیٹرول میں ہیڈ کانسٹیبلز سے اسسٹنٹ سب انسپکٹر کے عہدوں پر ترقی کے لیے محکمانہ پروموشن بورڈ کا اجلاس ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی راؤ عبد الکریم کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ڈی آئی جی پی ایچ پی اطہر وحید اور ایس پی ہیڈ کوارٹرز منصور قمربھی موجود تھے۔ تمام افسران کو میرٹ اور سنیارٹی کی بنیاد پراگلے عہدوں پر ترقیاں دی گئی ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی کمانڈ میں چار ماہ کے دوران 20 ہزار سے زائد افسران و اہلکاروں کو ترقیاں دی جاچکی ہیں۔آئی جی پنجاب نے ترقی پانے والے افسران کو مبارک باددیتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے سے زیادہ محنت اور لگن سے فرائض انجام دیں۔ ترقی پانے والے تمام افسران کو نئے ولولے اور جوش کے ساتھ شہریوں کو انصاف کی بآسانی فراہمی کو یقینی بنائیں اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور خدمت و حفاظت میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔