چھ رکنی کمیٹی کی تشکیل،ایک مہینہ میں گریڈنگ فریم ورک کو حتمی شکل دے گی
لاہور (خبر نگار) پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے لائسنس یافتہ ہسپتالوں کی درجہ بند ی کے فریم ورک کوایک ماہ میں حتمی شکل دینے کے لیے سرکاری اور نجی شعبوں کے سینئر طبی ماہرین پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔اس امر کا فیصلہ گزشتہ روزکمیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر محمد ثاقب عزیز کی زیرِصدارت یہاں ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا،جس میں میڈیکل کے تعلیمی اداروں کے سربراہان کے علاوہ شعبہء طب کے سرکردہ ماہرین نے بھی شرکت کی۔ کمیٹی کے لیے سرکاری شعبہ کے تین اراکین میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر مسعود صادق،پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر ندیم حفیظ بٹ اور اسسٹنٹ پروفیسرفاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر شاہد لطیف شامل ہیں جبکہ نجی شعبہ کے نمائندے ڈاکٹر عمر عزیز رانا،ڈاکٹر صابر ملک اورڈاکٹر ہارون لطیف ہیں۔ وی سی ایف جے ایم یو پروفیسر خالد مسعود گوندل کمیٹی کے کنوینر اور ڈائریکٹر کلینیکل گوورننس پی ایچ سی ڈاکٹر مشتاق احمد سلہریا رکن/سیکرٹری ہیں۔ اجلاس کا آغاز کر تے ہوئے ڈاکٹر ثاقب عزیز نے کہا کہ طبی خدمات کے کم سے کم معیارات کا مقصد تمام اقسام کی علاجگاہوں میں مریضوں کے محفوظ علاج اور خدمات کے دائرہ کار کے مطابق معیاری علاج معالجہ کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ان کے خیال میں معیارات کو نافذ کرنے کا کمزور ارادہ اور طویل مدتی نفاذ کی نا پائیداری معیاری صحت اور محفوظ علاج کی مسلسل فراہمی کو درپیش اہم مسائل ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ معیارات کے نفاذ سے خدمات کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے ہسپتالوں کی گریڈنگ کی ضرورت اور قانونی تقاضوں پر بھی بات کی۔ڈاکٹر مشتاق احمد سلہریا نے ہسپتالوں کے گریڈنگ فریم ورک کی نمایاں خصوصیات پیش کیں اور بتایا کہ معیارات کے عملدرآمدی سکور کی بنیاد پرلائسنس یافتہ ہسپتالوں کو مختلف زونز سرخ، نارنجی، پیلا اور سبزمیں تقسیم کیا جائے گااور صرف سبزرنگ کے زون میں آنے والے ہسپتالوں کی درجہ بند ی کی جائے گی۔