سرمایہ کاروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی سے اربوں ڈالر کی نئی سرمایہ کاری آسکتی ہے، صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر
لاہور (خبر نگار)صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر کی زیر صدارت سپیشل اکنامک زون اتھارٹی کا ساتواں اجلاس نیو منسٹر بلاک کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں 5نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے صنعتی زونز کی کالونائزیش پراسیس میں سست روی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ ادارے پلاٹوں کی خرید فروخت سے منافع کمانے کی سوچ سے ہٹ کر کالونائزیش پر توجہ دیں، سرمایہ کاروں کو سہولتوں کی فراہمی سے اربوں ڈالر کی نئی سرمایہ کاری آسکتی ہے، صوبائی وزیر نے صنعتی زونز میں انڈسٹری لگانے کے لئے صنعتی انفراسٹرکچر کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی، اتھارٹی نے سپیشل اکنامک زونزز میں خالی پلاٹوں پر کارخانے لگانے کا ایک موقع دینے کی منظوری دی، اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب میں 10 سپیشل اکنامک زونزز آپریشنل ہیں، 3 سپیشل اکنامک زون پر کام جاری جبکہ 5 خصوصی اقتصادی زونز مزید منطور ہوچکے ہیں، صدر ایوان صنعت و تجارت لاہور کا شف انور، ایڈیشنل سیکرٹری کامرس،سی ای اوز پیڈمک وفیڈمک اور متعلقہ محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔