لاہور (خبرنگار)پنجاب یونیورسٹی سکول آف کیمسٹری کے سنٹر فار ریسرچ ان آئیونک لیکوڈزکی پی ایچ ڈی گریجوئٹ اور نوجوان انٹرنپنیورڈاکٹر سعدیہ ناز نے سپروائزر اورسنٹر کی ڈائریکٹر ڈاکٹر ملیحہ عروس کی لیڈر شپ میں ’وزیراعظم نیشنل انوویشن ایوارڈ‘ جیت لیا۔ اس ایوارڈ میں پانچ لاکھ روپے کا نقد انعام اور سٹارٹ اپ کمپنی قائم کرنے کے لیے اضافی دس لاکھ روپے شامل ہیں۔ اس قومی ایوارڈ کے لیے پاکستان بھر سے 12,000 ٹیموں میں سے صرف 256 ٹیموں کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا تاکہ وہ نسٹ اسلام آباد میں سرمایہ کاروں، اعلیٰ محققین اور صنعت کاروں پر مشتمل جیوری کے سامنے اپنے کاروباری خیالات پیش کر سکیں۔پنجاب یونیورسٹی سنٹر فار ریسرچ ان آئیونک لیکوڈز کی ٹیم کو آئیڈیا پچنگ مرحلے کے لیے شارٹ لسٹ کی گئی واحد نمائندہ ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل تھا۔یہ اعزاز ٹیم کی اسپن آف کمپنی، کیمسول ٹیک کے قیام کی کوششوں میں مدد کرنے میں اہم ہوگاکیونکہ آئیونک لیکوڈپر مبنی ان کی جدید ٹیکنالوجی، زرعی باقیات سے قیمتی بلک کیمیکلز کی پیداوار کے قابل بناتی ہے جس سے نہ صرف معیشت بہتر ہو گی بلکہ نوجوان محققین کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔پنجاب یونیورسٹی کے سنٹر فار ریسرچ ان آئیونک لیکوڈزنے پہلے ہی ’کیمسٹری اور انٹرپرینیورشپ‘ میں ایک سالہ پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ شروع کرتے ہوئے کیمسٹری گریجویٹس میں کاروباری مہارتوں کو فروغ دینے کے لیے ایک قابل تعریف اقدام اٹھایا ہے۔ اس ویژنری پروگرام کا مقصد گریجویٹس کو بہترین مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے تاکہ کاروبار کی دنیا میں سبقت حاصل کر سکیں۔ پنجاب یونیورسٹی سنٹر فار ریسرچ ان آئیونک لیکوڈز کی ایوارڈ حاصل کرنے والی ٹیم نے تحقیق میں تعاون پر پنجاب یونیورسٹی وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے ملک بھر میں نوجوان کوانٹرنپنیورشپ کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے وزیر اعظم پاکستان کے اقدام کی تعریف کی۔ اس شاندار کامیابی پر وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود نے سنٹر فار ریسرچ آئیونک لیکوڈز کی ٹیم کو مبارک باد پیش کی ہے۔
Related Articles
Check Also
Close