تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ آٹے میں نمک ثابت ہو گا ۔ چوہدری سرفراز
لاہور ( خبر نگار ) پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر چوہدری سرفراز، رانا لیاقت، سعید نامدار، رانا انوار، نادیہ جمشید، ملک مستنصر باللہ اعوان، آغا سلامت، چوہدری محمد علی، میاں ارشد، رانا الیاس، چوہدری عباس، طارق زیدی، مرزا طارق، رانا خالد، طاہر اسلام، غفار اعوان، نذیر گجر، اختر بیگ ودیگر نے کہا ہے کہ بجٹ میں ٹیکسوں میں اضافے سے مہنگائی کا طوفان برپا ہو جائے گا جس سے سب سے زیادہ متاثر اساتذہ، ملازمین اور پینشنرز ہوں گے موجودہ بجٹ میں تنخواہوں اور پنشن میں جو اضافہ دیا گیا ہے وہ اونٹ کے منہ میں زیرہ کے برابر ثابت ہوا ہے۔ پینشن اصلاحات کے نام پر فیملی پینشن میں کمی ملازمین دشمن فیصلہ ہے دوسری طرف پنجاب کی نگران حکومت نے وفاقی حکومت کے اعلان کردہ تنخواہوں اور پنشن میں اضافے پر جو شب خون مارا اور لیو انکیشمنٹ، گریجویٹی میں کمی کر کے ملازمین اور پینشنرز کی نیندیں حرام کردیں ہیں اس معاشی قتل عام پر پنجاب بھر میں اساتذہ، ملازمین اور پینشنرز سراپا احتجاج ہیں معاشی حقوق کے تحفظ اور حصول کے لیے احتجاج کا سلسلہ آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس پنجاب کے زیر اہتمام اس وقت تک جاری رہے گا جب تک وفاق کے برابر تنخواہوں، پینشن میں اضافہ نہیں کیا جاتا اور لیو انکیشمنٹ کو رننگ بیسک پے پر نہیں کیا جاتا۔ لہذا وزیر اعظم پاکستان، وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ ہے کہ سرکاری ملازمین کی معاشی مراعات میں یکسانیت پیدا کریں اور فیملی پینشن کی سابقہ مراعات کو بحال کیا جائے۔