پاکستانجرم و سزاسٹی

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور/اچھی کارکردگی پر انعامات سے حوصلہ افزائی

انعامات حاصل کرنے والوں میں گوجرانوالہ، راولپنڈی، بہاولپور ریجنز سمیت دیگر اضلاع و فیلڈ فارمیشنز کے افسران و اہلکار شامل۔

لاہور (خبر نگار ، کرائم رپورٹر )انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے اچھی کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کی انعامات سے حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری ہے جس کے تسلسل میں سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مختلف اضلاع کے افسران و اہلکاروں کو تعریفی اسناد و کیش انعامات سے نوازا۔ انعامات حاصل کرنے والوں میں گوجرانوالہ، راولپنڈی، بہاولپور ریجنز سمیت دیگر اضلاع و فیلڈ فارمیشنز کے افسران و اہلکار شامل تھے، ان افسران و اہلکاروں نے دوران ڈیوٹی جرائم کے قلع قمع اور پبلک سروس ڈلیوری کی بہتری میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے تمام افسران و اہلکاروں کو کیش انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے انعامات حاصل کرنے والوں افسران و اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے جزا پھر سزا میری پالیسی کا بنیادی جزو، انعامات کا مقصد مورال بلند کرنے کے ساتھ فورس میں بہترین کارکردگی کا جذبہ موجزن کرنا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ انعامات کے بدلے میں محکمہ پہلے سے زیادہ محنت اور فرض شناسی سے فرائض کی ادائیگی کا متقاضی ہے۔

ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ ظالموں، ڈکیتوں، راہزنوں اور منظم جرائم میں ملوث مجرمان کو پابند سلاسل کرکے متاثرہ شہریوں کو انصاف فراہم کریں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ جرائم کنٹرول کی جدید آئی ٹی ایپلی کیشنز سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے خطرناک مجرمان کو پابند سلاسل کریں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ پاکستان کی حفاظت اور پاکستانیوں کی خدمت ہماری قومی و محکمانہ ذمہ داری ہے جسے پوری ایمانداری کے ساتھ ادا کریں۔ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس اور اے آئی جی ڈسپلن احسن سیف اللہ سمیت دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button