سی پی ڈی آئی کی جانب سے صحافیوں کے لیے دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد
جعلی خبروں، مقامی حکومتوں کی اہمیت، صنفی حساسیت پر مبنی رپورٹنگ، اور معاشرہ کے پسماندہ طبقات کے مسائل کواجاگر کرنے بارے میں مقامی صحافیوں کو تربیت دی۔
لاہور (خبر نگار)
سی پی ڈی آئی کے زیراہتمام سدھار اور یوتھ ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن کے اشتراک سے صحافیوں کے لیے تحقیقاتی صحافت اور غیر مصدقہ خبروں کے انسداد کے لیے معلومات تک رسائی کے قوانین کی اہمیت کے حوالے سے دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیاگیا۔ جعلی خبروں، مقامی حکومتوں کی اہمیت، صنفی حساسیت پر مبنی رپورٹنگ، اور معاشرہ کے پسماندہ طبقات کے مسائل کواجاگر کرنے بارے میں مقامی صحافیوں کو تربیت دی۔معروف صحافی عمر چیمہ نے تربیتی ورکشاپ کے دوران بدعنوانی کو بے نقاب کرنے کے لیے معلومات تک رسائی کےقوانین کے استعمال کے بارے میں آگاہی دی اور بتایا کہ وہ کس طرح معلومات تک رسائی کے قانون کے استعمال کے ذریعے اپنی استعداد کار میں اضافہ کرکے معا شرہ میں مثبت تبدیلی لا سکتے ہیں۔انہوں نے معلومات تک رسائی کے قانون سازی کے منظر نامے اور معلومات کی درخواستیں دائر کرنے کے طریقہ کار کی وضاحت کی اور بتایا کہ انہیں سرکاری محکموں، اہلکاروں اور سرکاری اداروں سے معلومات تک رسائی کے لیے کیسے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ عمر چیمہ نے تحقیقاتی صحافت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے صحافیوں کو کہا کہ وہ مقامی سطح کے مختلف مسائل کو بہتر طو رپر اجاگر کر سکتے ہیں جس سے یہ بھی یقینی بناسکتے ہیں کہ وہ اپنے سامعین کو قابل اعتماد خبریں فراہم کر رہے ہیں۔تربیت میں جعلی خبروں کا مقابلہ کرنےاورصنفی حساسیت پر مبنی رپورٹنگ کے اصول و ضوابط پر تفصیلی سیشن کا انعقاد کیا گیااور شرکاء کی حوصلہ افزائی کی گئی کہ وہ لاہور میں بطور صحافی اپنے اپنے تجربات اور چیلنجز کا اشتراک کریں اور مشترکہ مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کریں۔ٹریننگ کے اختتام پر شرکاء کو تکمیل کے سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا اس موقع پرصحافیوں نے قیمتی اور معلوماتی تربیت کے انعقاد پرسی پی ڈی آئی کا شکریہ ادا کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ تربیت کے دوران حاصل ہونے والی مہارتوں اورمعلومات کو اپنی آئندہ رپورٹنگ کا حصہ بنائیں گے۔تربیتی ورکشاپ میں ضلع بھر سے تعلق رکھنے والے مختلف صحافیوں کی کثیر تعداد نے حصہ لیا۔