سٹیسیاست

معاشی بدحالی کے خاتمہ کیلئے شرح سود میں اضافہ قابل مذمت ہے

سودی نظام معیشت خوشحالی کا نہیں بلکہ ملک و قوم کی تباہی کاایجنڈا ہے۔

جماعت اسلامی اقتدار کے ایوانوں سمیت ہر محاذ پر سودی نظام کیخلاف اپنی جدوجہد جاری رکھی گی ۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ

لاہور (خبر نگار) امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے شرح سود میں ظالمانہ اضافہ اور سینٹ ممبران کی شاہانہ مراعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتےہوئے کہا کہ سودی نظام اللہ اور رسولﷺ کیخلاف اعلان جنگ ہے ۔جیسے دنیا کی تمام سپر پاور ملکر بھی نہیں جیت سکتی ۔ معاشی بدحالی کے خاتمہ کیلئے شرح سود میں اضافہ قابل مذمت ہے ۔ سود میں اضافہ کرنے سے مسائل حل ہونے کی بجاے مزید گھمبیر ہوں گے ۔اگر حکومت حقیقی معنوں میں معاشی بحالی کے خاتمے ،مہنگائی کو کم کرنے اور عوام کو ریلیف دینے کےایجنڈے پر کام کرتی تووفاق میں 93 رکنی کابینہ ، ڈیرھ لاکھ سرکاری گاڑیاں ، کئی سو ارب روپے مفت پٹرول ، کئی ہزار ارب کی کرپشن اور بجلی ، گیس ، سیکورٹی کی مفت سہولیات اور دیگر مفت شاہانہ پروٹوکول کے کلچر کو ختم کرتی اورسینیٹ ممبران کی شاہانہ مراعات کا بل منظور نہ ہوتا ۔ امیر لاہور نے مزید کہا کہ سودی نظام معیشت خوشحالی کا نہیں بلکہ ملک و قوم کی تباہی کاایجنڈا ہے جس کی بدولت آج ملک و قوم معاشی تباہی کا شکار ہیں ۔ وزیر خرانہ اسحاق ڈار چندہ ماہ پہلے دیئے گئے اپنے وہ بیانات بھول گئے ہیں جس میں کہا کرتے تھے کہ ہم سودی نظام کو فروغ دے کر اللہ اور اس کے رسول ﷺ سے جنگ نہیں کرسکتے ۔توآج وزیر خزانہ اور حکومت کے تمام اتحادی شرح سود میں اضافہ کرکے عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کررہے ہیں لیکن عوام بیدار ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مولانا عبدالاکبر چترالی نے جس جرات، بہادری کیساتھ سودی فنانس بل کی مخالفت کی ہےاس پر ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ ان کے اس فیصلے سے پوری پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند ہوگیا۔ ہماری قیادت سب کو بتا دینا چاہتی ہے کہ ہم اللہ کی محبت کے لیے اور سود کی حرمت کے خلاف ایسی ہزاروں اور سینکڑوں سیٹیں قربان کرسکتے ہیں۔ ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے مزید کہا کہ سودی نظام معیشت کا ایجنڈا آئی ایم ایف اور استعماری قوتوں ایجنڈا ہے جو پاکستان کے نظام اور اس کی عوام کو اپنا غلام بنانا چاہتی ہیں ۔ جماعت اسلامی اقتدار کے ایوانوں سمیت ہر محاذ پر سودی نظام کیخلاف اپنی جدوجہد جاری رکھی گی ۔ عیدالاضحی کے بعد لاہور میں سود کی حرمت پر ایک سیمینار منعقد کیا جائے گا جس میں اہل قلم، علماء ، صحافی ،وکلا اور ملک کے معروف معیشت دان شریک ہوں گے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button