لاہور(خبر نگار)صوبائی وزیر صنعت و تجارت و توانائی ایس ایم تنویر کی زیر صدارت نیو منسٹر بلاک میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور پر پراونشیل جوائنٹ ورکنگ گروپ کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ صنعت وتجارت، زراعت، توانائی، تحفظ ماحولیات کے محکموں کے سیکریٹریز اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں سی پیک کے تحت زراعت، انڈسٹری،تحفظ ماحولیات اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کی تجاویز کو حتمی شکل دی گئی۔ زرعی تحقیق، فلوریکلچر، زرعی مشینری کی مقامی سطح پر تیار ی اور زرعی سائنٹسٹس کی کیپسٹی بلڈنگ میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا، سی پیک کے تحت توانائی کے نئے منصوبے شروع کئے جائیں گے۔ سولر پینلز کی مقامی سطح پر تیاری کا منصوبہ شروع کیا جائے گا۔ اجلاس میں ہرانڈسٹریل اسٹیٹ کے ساتھ سولر پارک بنانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا، چین کے تعاون سے پنجاب تیانج یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اور میر چاکر خان رند یونیورسٹی کی آپ گریڈیشن کی جائے گی۔ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ، علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد اور سرجیکل سٹی کیلئے سولر پارک کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ سموگ سے نمٹنے کیلئے چین سے تکنیکی معاونت حاصل کی جائے گی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت و توانائی ایس ایم تنویر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور معاشی لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، سی پیک کے تحت چین کے ساتھ زراعت، صنعت، توانائی،تحفظ ماحولیات اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ کینو کی پیداوار بڑھانے کے لئے چین کے تعاون سے سٹریس کی نئی ورائٹیز تیار کی جائیں۔ کٹلری اور سرجیکل انڈسٹری کے فروغ کیلئے چین کی تکنیکی معاونت حاصل کی جائے۔