گرفتار ہونے والی دوسری ملزمہ پروین اختر، خاتون کے اغوا کے مقدمہ میں پنجاب پولیس کو 2009 سے مطلوب تھی۔
لاہور (خبر نگار, کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پربیرون ملک مفرور اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیزی سے جاری ہے جس کے تسلسل میں پنجاب پولیس اغواء کے مقدمات میں مطلوب دو خطرناک اشتہاریوں کو متحدہ عرب امارات سے گرفتارکرکے پاکستان لے آئی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایاکہ ملزم حادق الرحمان کو چار روز قبل گرفتار کیا گیا،بذریعہ فلائٹ آج لاہور ائیر پورٹ پہنچایا گیا،ملزم حادق الرحمان نے دو ہفتے قبل فیصل آباد کے رہائشی نوجوان کو 50 لاکھ روپے تاوان کیلئے اغوا کروایا۔ ملزم نے متحدہ عرب امارات میں بیٹھ کر امریکہ کے واٹس ایپ نمبر سے واردات کی پلاننگ کی،ملزم نے پاکستان میں موجود ساتھیوں کی مدد سے منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ سی آئی اے پولیس کے انسپکٹر خالد نواز وریاہ نے جدید سائنٹفک طریقہ تفتیش سے ملزم کا دبئی میں سراغ لگایا۔ملزم سے واردات میں استعمال ہونے والا موبائل برآمد، ملزم نے اعتراف جرم بھی کر لیا۔ واردات میں شریک ملزم کے دیگر ساتھیوں کو پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا ہے۔
گرفتار ہونے والی دوسری ملزمہ پروین اختر، خاتون کے اغوا کے مقدمہ میں پنجاب پولیس کو 2009 سے مطلوب تھی۔فیصل آباد پولیس نے ملزمہ کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے ریڈ نوٹس جاری کروایا، متحدہ عرب امارات سے ڈی پورٹ کرکے پاکستان لایا گیا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ دونوں ملزموں کے خلاف مزید قانونی کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے،بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کی گرفتاریوں کی مجموعی تعداد 88 ہو گئی ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ ڈکیتی، قتل، اغواء برائے تاوان سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث اشتہاریوں کی گرفتاریوں میں تیزی لائی جائے، ایف آئی اے، انٹرپول اور دیگر اداروں کے ساتھ موثر کوآرڈینیشن سے ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔