برسوں پرانا فائل سسٹم ختم ہوچکا، قومی شناختی کارڈ رکھنے والا ہر شہری پنجاب کے کسی بھی سنٹر سے لائسنس بنوا سکتا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور
لاہور (خبر نگار، کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لبرٹی ڈرائیونگ سنٹر اور پولیس خدمت مرکز کا اچانک دورہ کیا اور ڈرائیونگ لائسنسنگ سنٹر پر تعینات سٹاف کی کارکردگی کا جائزہ لیا، ڈاکٹر عثمان انور نے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کیلئے موجود شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیڈ بیک بھی لیا۔ آئی جی پنجاب کی لائسنسنگ سٹاف کو شہریوں کی سہولت کیلئے مزید تندہی سے فرائض کی ادائیگی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کیلئے آنیوالے شہریوں کو خوش اخلاقی کے ساتھ خدمات فراہم کی جائیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ برسوں پرانا فائل سسٹم ختم ہوچکا، قومی شناختی کارڈ رکھنے والا ہر شہری پنجاب کے کسی بھی سنٹر سے لائسنس بنوا سکتا ہے۔
اس موقع پر ایس ڈی پی او گلبرگ اے ایس پی سیدہ شہربانو نے آئی جی پنجاب کو پولیس خدمت مرکز کی کارکردگی بارے بریفنگ دی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس خدمت مراکز جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ پبلک سروس ڈلیوری کا انتہائی اہم پراجیکٹ ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے پنجاب پولیس نے پولیسنگ اور سروس ڈلیوری کو الگ کردیا ہے، افسران موثرسپرویژن اور مانیٹرنگ سے پولیس خدمت مرکز کی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنائیں۔ ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ اور اے ایس پی عثمان سمیت سینئر افسران بھی موقع پر موجود تھے۔