سی ٹی ڈی دہشت گردی، شدت و شرپسندی سمیت دیگر مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے قلع قمع کے لیے مصروف عمل ہے۔ آئی جی پنجاب
لاہور (خبرنگار ، کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر سی ٹی ڈی نے رواں برس کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔ تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے رواں سال اب تک لاہور سمیت مختلف اضلاع میں 901 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے جس کے نتیجہ میں دہشت گردی، ملک و سماج دشمن سرگرمیوں میں ملوث 177ملزمان گرفتار، 142 ایف آئی آرز درج کی گئیں۔ گرفتار ملزمان میں ریڈ بک میں شامل کالعدم تنظیموں کے 03 انتہائی مطلوب دہشت گرد بھی شامل ہیں۔ سی ٹی ڈی نے بروقت کاروائیوں سے دہشت گردی کی کارروائیوں، پلاننگ اور معاونت میں ملوث 114 نیٹ ورکس کا خاتمہ کیا جبکہ دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں خود کش جیکٹس، راکٹس، ہینڈ گرنیڈز، ڈیٹونیٹرز، آئی ای ڈیز، دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔ اسی طرح پسٹلز، بال بیرنگ باکس، گولیاں، سیفٹی فیوز، پرائما کارڈز، لیپ ٹاپس، موبائل، اور کالعدم کتابیں، میگزین، پمفلٹس سمیت دیگر متنازعہ مواد بھی برآمد ہوا۔سی ٹی ڈی نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے ذریعے دہشت گردانہ 133 منصوبوں کو خاک میں ملا کر مجرموں کو گرفتار کیا۔ سی ٹی ڈی ٹیموں نے 07 انتہائی مطلوب اشتہاری ملزمان، 02 عدالتی مفروران کو بھی گرفتار کرکے پابند سلاسل کیا۔ سوشل میڈیا پر 1030 اکاؤنٹس کی سائبر ٹریسنگ کی گئی، نفرت انگیز اور قابل اعتراض مواد کی تشہیر میں ملوث 4078 سائٹس اور پیجز کو بلاک کروایا گیااورسی ٹی ڈی نے دہشت گردی کے خطرات اور دیگر مجرمانہ کاروائیوں سے آگاہی و روک تھام کیلئے 241 سپیشل انفارمیشن رپورٹس جاری کیں
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی شاندار کارکردگی پر سی ٹی ڈی کو شاباش دیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے موثر انفارمیشن شئیرنگ سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رکھتے ہوئے دہشت گردوں، سہولت کاروں، فنانسرز سمیت تمام مجرمان کو قانون کی گرفت میں لا کر قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔