پنجاب پولیس اور جانوروں کے حقوق کے لئے کام کرنے والی تنظیم کے درمیان ایم او یو کے تحت پولیس کے ریٹائرڈ سراغ رساں کتوں کو نئے مالکان کے حوالے کیا گیا۔
لاہور (خبرنگار)پولیس ڈاگز بریڈنگ سنٹر اینڈ ٹریننگ سکول بیدیاں، پولیس کے ریٹائرڈ سنائفر ڈاگز کو شہریوں کی طرف سے گود لینے کی تقریب منعقد کی گئی۔ جس میں پنجاب پولیس اور جانوروں کے حقوق کے لئے کام کرنے والی تنظیم کے درمیان ایم او یو کے تحت پولیس کے ریٹائرڈ سراغ رساں کتوں کو نئے مالکان کے حوالے کیا گیا۔تقریب میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ذوالفقار حمید، ایس ایس پی ایڈمن منتظر مہدی، اے ایس پی سیدہ شہربانو نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر چیف سپروائزر سپیشل برانچ ڈاکٹر محمد عثمان اصغر،نجی تنظیم جے ایف کے اینیمل ریسکیو اینڈ شیلٹر مس ذوفشاں جبکہ پنجاب پولیس کے سروس ڈاگز کے ہینڈلرز اور ٹرینرز بھی موجود تھے۔ تقریب میں سلیم خان فیملی نے کتوں سینڈی اور ریٹا جبکہ ڈاکٹر میرب نے ٹائیگر نامی سنائفر کتے کو گود لیا۔ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس کے ریٹائرڈ سنائفر کتوں کو برطانوی دور کے قانون کے تحت یوتھنائز (پرسکون موت دینے) کی بجائے لوگوں کو گود دینے کا حکم دیا تھا۔
اس موقع پرتقریب سے خطاب کر تے ہوئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پاک فوج کے بعد پنجاب پولیس سپیشل برانچ کے پاس سنائفر ڈاگز کو تربیت دینے کی سہولت موجود ہے اورپنجاب پولیس کے سنائفر ڈاگز کا اہم سکیورٹی پروگرامز،سرچنگ کے دوران بارودی مواد، منشیات کی نشاندہی میں اہم کردار ہے۔ شہریوں کی طرف سے کتوں کو گود لینے کا مقصد پنجاب پولیس کے ریٹائرڈ ہونے والے سنائفر ڈاگز کو تاحیات شیلٹر اور اچھی زندگی فراہم کرنا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سنائفر ڈاگز نے شہریوں کی زندگی کی حفاظت کے لئے دوران سروس بہترین انداز میں فرائض انجام دیئے۔ تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس کے ریٹائرڈ ہونے والے سروس ڈاگز کو ان کی خدمات کے اعتراف میں میڈلز اور تعریفی اسناد سے بھی نوازا۔