پاکستانجرم و سزاسٹی

سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت کینٹ اور ماڈل ٹاؤن ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس

صوبائی دارالحکومت کی پولیس فورس ایک رول ماڈل ادارے کے طور پر کام کرئے۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ

لاہور(خبر نگار، کرائم رپورٹر)سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت کینٹ اور ماڈل ٹاؤن ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس کپیٹل سٹی پولیس آفس میں منعقد ہوا۔اجلاس کے دوران سی سی پی او لاہورنے متعلقہ افسران کو تمام سٹیک ہولڈرز سے مل کر محرم الحرام کے دوران سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔انہوں نے محرم الحرام کے دوران لاہور بھر کے ہاٹ سپاٹس کی کڑی نگرانی کے ساتھ ساتھ حساس مقامات کے گرد ونواح میں سرچ اینڈ سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنزکو جاری رکھنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔سی سی پی او لاہور نے اجلاس کے دوران غفلت کے مرتکب ایس ایچ اوز اور انچارج (انوسٹی گیشن)پر ِبرہمی کا اظہار کیا اور انہیں آئندہ کارکردگی بہتر کرنے کی ہدایت کی۔
سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ نے کینٹ ڈویژن کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے ایس ایچ اوز اور انچارج(انوسٹی گیشن) کو مقررہ مدت میں تمام پینڈنگ کیسز اور روڈ سرٹیفکیٹس نمٹانے کی ہدایت کی۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ آئندہ سے ایس ڈی پی اوز انوسٹی گیشن اورآپریشن ونگز کے الگ الگ ٹاسک کی نگرانی کریں گے۔ایس ڈی پی اوز(انوسٹی گیشن) تفتیش کے معیار کو مزید بہتر بنائیں گے جبکہ ایس ڈی پی اوز(آپریشنز) جرائم کی روک تھام اورقانون شکن عناصر کے خلاف موثر کارروائیوں کو یقینی بنانے کے ذمہ دار ہوں گے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ایس ڈی پی اوز کی بیٹس بنا کر ٹاسک دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ سے زائد کوئی کیس زیرِ تفتیش نہیں رہنا چاہئے۔بلال صدیق کمیانہ نے قتل اور راہزنی کے مقدمات کی تفتیش کے معیار کو بہتر سے بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عادی چوروں، ڈاکوؤں،اشتہاری ملزمان اور منشیات فروشوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے۔سی سی پی او لاہورنے مزید کہا کہ صوبائی دارالحکومت کی پولیس فورس ایک رول ماڈل ادارے کے طور پر کام کرئے۔اجلاس میں ڈی آئی جی (آپریشنز)سید علی ناصر رضوی، ڈی آئی جی (انوسٹی گیشن) عمران کشور، ایس ایس پی (انوسٹی گیشن)انوش مسعود چوہدری،کینٹ اور ماڈل ٹاؤن ڈویژن کے ایس پیز،اے ایس پیز، سرکل افسران، ایس ایچ اوز، انچارجز(انوسٹی گیشن)بھی اجلاس میں موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button