پرانے خیالات و تہمات پاکستان کی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہیں ۔ کوئین میر ی کالج میں صنفی مساوات کو فروغ کے حوالے سے سیمینار میں شرکاء کا خطاب
لاہور (خبرنگار)گورنمنٹ کوئین میری گریجوایٹ کالج لاہور میں گزشتہ روز ڈائریکٹر پبلک انسڑکشنز کالجز کی ہدایات کے مطابق سیمینار چھٹے سیمینار مرد اور عورت کے درمیان مساوات کو فروغ دینا اور منصفانہ اور مساوی معاشرے کے قیام میں دونوں کاکردار(Promoting Gender Equality: Engaging Men and Women in the pursuit of just and equitabe socielty) کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار میں انوشہ رحمٰن (سابق وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن) نے بطور مہمان خصوصی،مسٹر مزمل محمود(چیف کو آرڈینیٹر پی۔ایم۔ایل۔این اور ایجوکیشنسٹ)،حنا پرویز بٹ(سابق ایم۔ پی۔ اے)،سلمٰی شاہین(سابق ایم۔ پی اے) محمد زاہد میاں (ڈائریکٹر ایجوکیشن)،ڈاکٹر سید انصر اظہر(ڈی۔پی۔آئی کالجز) نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر انوشہ رحمٰن نے سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صنفی مساوات کی فراہمی ملک کی ترقی کی ضامن ہے اور اس کی عدم موجودگی میں کوئی قوم ترقی کے زینہ پر نہیں چڑھ سکتی۔ انھوں نے کہا کہ اگر ہم بین القوامی سطح پر ترقی کرنا چاھتے ہیں تو اس کے لیے ضروری ہے کہ ہمارے معاشرے اور تعلیمی اداروں میں ٹیکنیکل ایجوکیشن کو یقینی بنایا جائے تاکہ نوجوان نسل مختلف ہنر سیکھ کر ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزمل محمود نے کہا کہ ایک انصاف پسند اور متحمل معاشرے کے قیام کے لیے مرداور عورت کے لیے متوازی مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔
سابق ایم پی اے حنا پرویز بٹ کا کہنا تھا کہ کہ پرانے خیالات اور تہمات پاکستان کی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ آج کے دور میں بھی کچھ شعبوں کو صرف مردوں تک محدود رکھا گیا ہے جیساکہ سیاست میں
عورتوں کو خوشدلی سے تسلیم نہیں کیا جاتا ان کا مزید کہنا تھا کہ اب حالات کچھ بہتر ہوتے نظر آ رہے ہیں اور اس کا اندازہ ہم اس بات سے لگا سکتے ہیں کہ اب مختلف شعبہ زندگی میں مردو خواتین شانہ بشانہ کام کرتے نظر آرہے ہیں۔
محمد زاہد میاں نے تمام شعبہ جات میں خواتین کے کردار کو سراہا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اب تمام دنیا میں خواتین کی نمائندگی کو یقینی بنانے کے لیے مختلف شعبہ جات میں سیٹیں مختص کی جاتی ہیں۔
ڈی پی آئی کالجز ڈاکٹر انصر اظہرکا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں نوجوانوںکی اکثریت پائی جاتی ہے اور صنفی مساوات کے فروغ کے حوالے سے نوجوان نسل کا کردار نہایت اہم ہے اس موقع پر انھوں نے تحریک پاکستان میں عورتوں کے کردار سے متعلق بیا ن کرتے ہوئے محترمہ فاطمہ جناح کی مثال دی کہ کس طرح انھوں نے اس تحریک میں اپنے بھائی محمد علی جناح کا ساتھ دیا۔
کالج پرنسپل ڈاکٹر ثمرہ عمران نے معاشرے کو درپیش مسائل کے نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ ان مسائل کے حل کے لیے معاشرے میں موجودتمام افراد کو یکساں لگن کے ساتھ محنت کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے مزید کہا کہ ہم مرد و خواتین دونوں کو بہترین تعلیم کے ذریعہ با اختیار اور کامیاب انسان بنانے کے ساتھ ساتھ اچھا شہری بھی بنا سکتے ہیں جو کہ ملکی ترقی، خوشحالی اور وقار کو بلند کرنے میں مثبت کردار ادا کرنے میں اہم ہے۔
آخر میں انہوں نے تمام مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا اور ان کو کالج کی جانب سے شیلڈز پیش کیں۔اس کے علاوہ تقریب میں سیکشن ہیڈز کوآرڈینیٹرز شعبہ جات کے سربراہان اور سٹاف ممبرز نے بھی شرکت کی۔