امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ کا جمعیت اتحاد العلماء لاہور کے اجلاس سے خطاب
لاہور (خبر نگار) امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ اصلاح معاشرہ کیلئے علماء مشائخ منبر و محراب کے ذریعے اپنا کردار اداکریں ۔ اتحاد امت اور قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کیلئے منبرو محراب کا کردار اہمیت کا حامل ہے ۔ موجودہ ملکی معاشی، سیاسی، سماجی، ثقافتی اور تہذیبی خرابوں کی بنیادی وجہ قرآن و سنت سے دوری ہے ۔ ملک و قوم کے مسائل اور مشکلات کا واحد حل صرف قرآن و سنت کے بابرکت نظام کے نفاذ میں ہے۔ امت مسلمہ اسی صورت میں بام عروج تک پہنچ سکتی ہے جب قرآن و سنت کو مضبوطی سے تھامے اورہرپہلومیں انہی سرچشموں سے راہ ہدایت حاصل کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت اتحاد العلماء لاہور کے اجلا س سےخطاب کرتے ہوئے کیا۔ ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے مزید کہا کہ پاکستان کے مسلمانوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی زندگی کے تمام معمولات اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی کتاب قرآن مجید اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کے مطابق ادا کریں اور یہی خواب علامہ اقبال اور پاکستان کے وجود کے قیام کا مقصد تھا ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں واحد حقیقی جمہوری اور مذہبی جماعت ہے جو قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کیلئےمسلسل جدوجہد کررہی ہے ۔ قوم آئندہ انتخابات میں تمام آزمائے ہوئی سیاسی پارٹیوں اور لیڈروں کو مسترد کرے اور امانت و دیانت والی قیادت کا ساتھ دیں تاکہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی جمہوری اور فلاحی ریاست بنایا جاسکے ۔