لاہور(خبر نگار )لاہور چیمبر میں روڈ ٹو ہیلتھی ہارٹ کے موضوع پر ایک انتہائی معلوماتی سیمینار منعقد ہوا جس میں ماہرین نے دل کی صحت کے لیے ضروری عادات کے متعلق تفصیل سے اظہار خیال کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور، کنسلٹنٹ سائیکالوجسٹ صائمہ خالد، ، لاہور چیمبر کے سابق نائب صدر فہیم الرحمان سہگل، ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران شمیم اختر، ملک محمد ندیم، مجاہد مقصود بٹ، رضوان حیدر، فریحہ یونس، چوہدری واجد علی اور عوامی لیبارٹریز کے عرفان شاہ نے اس موقع پر خطاب کیا۔ ڈاکٹر شگفتہ فیروز نے دل کی بیماری میں اہم کردار ادا کرنے والے چھ اہم عوامل کا تجزیہ پیش کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اپنانے، طرز زندگی میں تبدیلیوں پر توجہ دینے اور قلبی صحت کی حفاظت کے لیے صحت مند عادات کو اپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے ناشتے کی عادت اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صبح جاگنے کے ایک گھنٹہ کے اندر غذائیت سے بھرپور ناشتہ ضروری ہے جبکہ رات کا کھانا ہلکا پھلکا ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ بیٹھنا اور منفی رویہ دل کے امراض کا سبب بنتے ہیں۔ انہوں نے جسمانی سرگرمیوں کو روز مرہ کے معمولات میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی خوراک استعمال کی جائے جو نیچر کے قریب ہو، مکمل طور پر غیر پراسیس شدہ غذائیں استعمال کی جائیں جو زیادہ سے زیادہ غذائیت فراہم کریں۔ انہوں نے دل کی صحت پر سماجی روابط کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوںنے کہا کہ خوشی دل کی صحت میں بہتری اور عمر میں طوالت کا سبب بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند عادات اپنانے سے دل کی بیماری کے خطرے کو 81فیصد جبکہ ذیابیطس کے خطرے کو 93فیصد کم کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاسٹ فوڈ تمباکونوشی سے زیادہ انسانی زندگی کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھانا کھاتے ہوئے سیل فون کا استعمال مضر صحت ہے۔ انہوں نے ٹھنڈے مشروبات کے استعمال سے گریز کی سفارش کی۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ طرز زندگی میں سادہ مگر انتہائی موثر تبدیلیوں کو اپنانے سے دل کے امراض کے خطرات میں نمایاں کمی ہوسکتی ہے۔ ان عادات کو اپناکر لوگ اپنی قلبی صحت پر قابو پا اور ایک طویل و صحتمند زندگی کے لیے راہ ہموار کرسکتے ہیں۔
Related Articles
Check Also
Close