مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے سمر کیمپس میں تربیت حاصل کرنے والے بچوں کے والدین سے بھی ملاقات کی اور سہولیات بارے دریافت کیا
لاہور (خبر نگار)وزیر اعلی پنجاب کے مشیر برائے کھیل وامور نوجوانان وہاب ریاض نے جمعرات کے روز جمنیزیم ہال میں سپورٹس بورڈ پنجاب سمر کیمپس کا دورہ کیا اور جمناسٹک، کراٹے، ووشو،تائی کوانڈو، سیلف ڈیفنس اوربیڈمنٹن کیمپس کا معائنہ کیا،انہوں نے کھلاڑیوں کی ٹریننگ کا جائزہ لیا اورکھلاڑیوں سے ملاقات کرکے سہولیات کے بارے میں دریافت کیا، مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے ووشو کیمپ میں 5سالہ شہروزسے ووشو کھیلی،کھلاڑیوں نے ان کیساتھ گروپ فوٹوز بھی بنوائے،اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب کے مشیر برائے کھیل وامور نوجوانان وہاب ریاض نے کہا ہے کہ موسم گرما کی تعطیلات میں بچوں کو سپورٹس کی جانب لائے ہیں،سمر کیمپس میں بچے جوش وخروش سے تربیت حاصل کررہے ہیں،سمر کیمپس میں بچوں کو بہترین سہولیات فراہم کررہے ہیں،کوچز بچوں پر بہت محنت کررہے ہیں،آج بچوں کی ٹریننگ دیکھ کر خوشی ہوئی،شہروز نے میرے ساتھ بہت اچھی ووشو کھیلی ہے،انہوں نے مزید کہا ہے کہ دو ماہ کے سمر کیمپ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئیگا جس کو آگے لیکر جائیں گے،موسم گرما کی تعطیلات کے بعد بھی بچوں کی ٹریننگ پر غور کررہے ہیں،مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے بچوں کے ساتھ بیڈمنٹن بھی کھیلی۔
مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے سمر کیمپس میں تربیت حاصل کرنے والے بچوں کے والدین سے بھی ملاقات کی اور سہولیات بارے دریافت کیا، والدین نے سمر کیمپس میں سہولیات کو بہترین قرار دیا،ان کا کہنا تھا کہ ہمیں توقع نہیں تھی کہ سرکاری اداروں میں ایسی سہولیات بھی مل سکتی ہیں،موسم گرما کی تعطیلات کے بعد بھی بچوں کی تربیت کا سلسلہ جاری رہنا چاہئے،
والدین نے سوئمنگ کے سمر کیمپس کی بھی تعریف کی کہ بچوں کو کوالیفائڈ کوچز تربیت دے رہے ہیں، والدین نے مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض کا شکریہ ادا کیا کہ پہلی مرتبہ بچوں کو موسم گرما کی تعطیلات میں ایسی فراہم کی گئی ہے جس میں بچوں کو صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع ملا ہے، اس موقع پر ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سید عمیر حسن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر نازش نور،محمد ساجد،سینئر کوچ رئیس الرحمان،زرینہ وقار،ایڈمنسٹریٹر جمنیزیم مصطفی شاہ بھی موجود تھے۔